جمعہ، 14 دسمبر، 2018

iPhone battery explodes in mans mouth By Rehman Mahmood Khan

0 comments
الیکٹرانک مصنوعات کی خریداری سے قبل آپ انہیں چیک کرنا چاہتے ہیں تو یہ اچھی بات ہے لیکن احتیاط کیجئے کہیں ایسا نہ ہو کہ چیکنگ کرتے کرتے بڑا نقصان کروا بیٹھیں۔ چین میں ایک ایسا ہی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک شاپنگ سٹور میں آئی فون خریدنے والا صارف تصدیق کرنا چاہتا تھا
کہ اس کی بیٹری اصلی ہے یا نہیں۔ دی مرر کے مطابق یہ شخص سیکنڈ ہینڈ آئی فون خرید رہا تھا لہذا اس نے بیٹری کو چیک کرنا ضروری سمجھا لیکن چیکنگ کے لئے طریقہ بہت خطرناک تھا۔ اس نے بیٹری کو منہ میں رکھ کر دانتوں سے زور کے ساتھ دبایا، اور اگلے ہی لمحے بیٹری پھٹ گئی اور اس شخص کا چہرہ آگ کے بڑے مرغولے میں چھپ گیا۔
اس واقعے نے آس پاس موجود خریداروں کو بھی ہلا کر رکھ دیا اور ہر کوئی اس شخص کی جانب متوجہ ہوگیا۔ یہ واضح نہیں کہ اس شخص کی حالت اب کیسی ہے، اور نا ہی اس نے تاحال یہ بتایا ہے کہ اس کے خیال میں بیٹری اصلی تھی یا نقلی۔
ویڈیو دیکھیں:

جمعرات، 12 نومبر، 2015

جمعرات، 14 جون، 2012

سُروں کو یتیم کر گیا

0 comments

شہشنشاہِ غزل مہدی حسن ہم میں نہ رہے۔۔!!
سُر جس کے سامنے سَرنگوں کھڑے رہتے تھے،آخر وہ سُروں کو یتیم کرکے چلا گیا

تحریر و ترتیب: رحمان محمود خان
فن ِثقافت کاروشن ستارہ اورشہنشاہِ غزل استاد مہدی حسن بھی دارِفانی سے کوچ کر گئے۔مہدی حسن پچھلے12 سالوں سے پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا تھے۔وہ بارہ برس سے سینے، پھیپھڑوں اور مثانے کے مختلف اَمراض میں مبتلا چلے آ رہے تھے۔مہدی حسن کوسانس لینے میں تکلیف کا سامنا تھاجب کہ دیگر شکایات بھی تھیں۔اطلاعات کے مطابق کچھ عرصے قبل اُن کاسوڈیم لیول بھی بڑھ گیا تھا ،اِس دوران انھیں کئی مرتبہ اسپتالوں میں داخل بھی ہونا پڑا۔
شہنشاہِ غزل استاد مہدی حسن18جولائی1927 کوبھارتی ریاست راجستھان کے ایک گاوں لُونا میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد اور چچا د ھرپد گائیکی کے ماہر تھے اور مہدی حسن کی ابتدائی تربیت گھر ہی میں ہوئی۔ خود ان کے بقول وہ کلاونت گھرانے کی سولہویں پیڑھی سے تعلق رکھتے تھے۔1947 میں بیس سالہ مہدی حسن اہلِ خانہ کے ساتھ نقلِ وطن کر کے پاکستان آ گئے ۔کچھ افراد کی رائے میں آپ کے خاندان نے نقل مکانی کرتے ہوئے چیچہ وطنی،پھر لاہور اورکراچی میں سکونت اختیار کی۔بعد ازاں بیماری کے سبب ہی انھیں لاہور سے کراچی آنا اور مستقل گھر بسانا پڑا۔
مہدی حسن نے شروع ہی سے محنت کی۔ہر شعبے میں یہاں تک کہ نامساعد حالات کے سبب انھیں سائیکلیں بھی مرمت کرنا پڑیں اور ایک دور میں وہ مکینک(آٹو موبائل انجینئرنگ کے شعبے سے) بھی وابستہ رہے ،آپ نے محنت مزدوری کے طور پر سائیکلیں مرمت کرنے اورمکینک کے کام میں مہارت حاصل کی اور پہلے موٹر مکینک اور اسکے بعد ٹریکٹر کے مکینک بن گئے لیکن ستم ہائے روزگار رہنے کے باوجود وہ موسیقی کے خیال سے غافل نہیں رہے اور ہر حال میں اپنا ریاض جاری رکھا۔ یہی محنت انھیں پچاس کی دہائی میں ریڈیو پاکستان لے آئی جہاں سے انھوں نے باقاعدہ گائیکی کا آغاز کیا۔ پہلے ٹھمری اور بعد میں غزلیں گانا شروع کیں اور بہت جلد فن کی دنیا میں چھاتے چلے گئے۔ان کے والد استاد عظیم خان اور چچا استاد اسماعیل خان اّن دور کے نامور کلاسیکل موسیقار تھے۔ مہدی حسن نے اُنھی دونوں سے فنی تربیت حاصل کی تھی۔ وہ بہت چھوٹی عمر سے پاکستان کی گائیکی کے اُفق پر جگمگارہے تھے۔
1950 کی دہائی اُن کے لیے مبارک ثابت ہوئی جب اُن کا تعارف ریڈیو پاکستان کے پروڈیوسر سلیم گیلانی سے ہوا۔سلیم گیلانی نے ہیرے کی صحیح پہچان کی، چناں چہ ھرپد، خیال، ٹھُمری اور دادرے کی تنگنائے سے نکل کر یہ جوہرِ قابل غزل کی پرفضا وادی میں آنکلا جہاں آپ کی صلاحیتوں کو جِلا ملی اور 1960 کی دہائی میں اُن کی گائی ہوئی فیض احمد فیض کی غزل ”گلوں میں رنگ بھرے،بادِ نو بہار چلے“ہر گلی کوچے میں گونجنے لگی۔فلمی موسیقار جو ان کے فن کو ریڈیو کی گائیکی کہہ کر دامن چھڑاتے رہے تھے، اب جمگھٹا بنا کر اُس کے گرد جمع ہوگئے، چناں چہ1960-70 کی دہائیوں میں مہدی حسن پاکستان کے معروف ترین فلمی گائیک بن گئے اور سنتوش کمار، درپن، وحید مراد اور محمد علی سے لے کر ندیم اور شاہد تک ہر ہیرو نے مہدی حسن کے گائے ہوئے گیتوں پر لَب ہلائے۔
سنجیدہ حلقوں میں ا ن کی حیثیت ایک غزل گائیک کے طور پر مستحکم رہی۔ اسی حیثیت میں انھوں نے برِصغیر کے ملکوں کا کئی بار دورہ کیا۔ بھارت میں ا ن کے احترام کا جو عالم تھا وہ لتا منگیشکر کے اِس خراجِ تحسین سے ظاہر ہوا کہ مہدی حسن کے گلے میں تو بھگوان بولتے ہیں۔ نیپال کے شاہ بریندرا اُن کے احترام میں اٹھ کے کھڑے ہوجاتے تھے اور فخر سے بتاتے تھے کہ انھیں مہدی حسن کی کئی غزلیں زبانی یاد ہیں۔
پاکستان کے صدر ایوب، صدر ضیاءالحق اور صدر پرویز مشرف بھی ا ن کے مداح تھے اور انھیں اعلیٰ ترین سِول اعزازات سے نواز چکے تھے، لیکن مہدی حسن کے لیے سب سے بڑا اعزاز وہ بے پناہ مقبولیت اور محبت تھی جو انھیں عوام کے دربار سے ملی۔ پاک و ہند سے باہر بھی جہاں جہاں ا ردو بولنے اور سمجھنے والے لوگ آباد ہیں، مہدی حسن کی پذیرائی ہوتی رہی اور1980 کی دہائی میں انھوں نے اپنا بیشتر وقت یورپ اور امریکہ کے دوروں میں گزارا۔
مہدی حسن کی اولاد:مہدی حسن کثیرالاولاد آدمی تھے۔ ا ن کے چودہ بچّے ہیں، نو بیٹے اور پانچ بیٹیاں۔ اپنے بیٹوں آصف اور کامران کے علاوہ انھوں نے پوتوں کو بھی موسیقی کی تعلیم دی اور آخری عمر میں انھوں نے پردادا بننے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا اور اپنے پڑپوتوں کے سر پہ بھی دستِ شفقت رکھا۔
مہدی حسن کے شاگرد:ا ن کے شاگردوں میں سب سے پہلے پرویز مہدی نے نام پیدا کیا اور تمام عمر اپنے ا ستاد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے رہے۔ بعد میں غلام عباس، سلامت علی، آصف جاوید اور طلعت عزیز جیسے ہونہار شاگردوں نے ان کی طرز ِگائیکی کو زندہ رکھا۔
ملکہ ترنم نور جہاں کا کہنا تھا کہ ایسی آواز صدیوں میں ایک بار پیدا ہوتی ہے، حالاں کہ یہ بات خود میڈم کی شخصیت پر بھی اتنی ہی صادق آتی ہے۔ آج مداّح اور ممدوح دونوں ہی اِس دنیا میں نہیں لیکن موت نے صرف اُن کا جسدِ خاکی ہم سے چھینا ہے۔اُن کی لازوال آواز ہمیشہ زندہ رہے گی۔انھوں نے فلمی گانے گائے تو بھی لا ثانی رہے۔ پاکستانی فلموں کے ہزاروں گیت اور غزلیں مہدی حسن کے نام سے منسوب ہوئیں۔ انھوں نے فلمی دنیا کو دوعشروں سے بھی زیادہ کا وقت دیا لیکن پھر اچانک آنے والی بیماری کے سبب1960ع میں انھیں فلمی دنیا کو خیرباد کہنا پڑا۔
مہدی حسن بھارت اور پاکستان دونوں جگہ یکساں مقبول ہیں۔ بھارت کے تمام نامور گلوکار مہدی حسن کا دم بھرتے ہیں۔ بھارت میں مہدی حسن لتا منگیشکر جیسی لیجنڈگلوکارہ کے ساتھ بھی اپنی آواز کا جادو جگا چکے ہیں۔ لتا بھی مہدی حسن کو بہت بڑا گلوکار تسلیم کرتی ہیں۔ان کی شاندار غزلوں میں ” آج تک یاد ہے وہ پیار کا منظر، آنکھوں سے ملیں آنکھیں، آپ کی آنکھوں نے ، آئے کچھ ابر کچھ شراب آئے، اب کے ہم بچھڑے، اپنوں نے غم دیے تو یاد آگیا، چلتے ہو تو چاند کو چلیے اور دلِ ناداں تجھے ہوا کیا ہے “ شامل ہیں۔
مہدی حسن کو دیے گئے ایوارڈز:مہدی حسن اپنے فن کی بدولت دنیا بھر سے ایوارڈز حاصل کیے، انھیں جنرل ایوب خان نے تمغہ امتیاز،جنرل ضیاءالحق نے پرائڈ آف پرفارمنس،جنرل پرویز مشّرف نے ہلالِ امتیازسے نوازا۔اِس کے علاوہ مہدی حسن کوپاکستان سے ہی نگار فلم ایوارڈ،گریجویٹ ایوارڈ بھی دِیا گیا۔علاوہ ازیں1979میں بھارت کے شہر جالندھر میں سہگل ایوارڈ سے نوازا گیا اور1983 میں نیپال کی حکومت نے گورکھاڈکشیناباہوایوارڈ سے بھی نوازاگیااور دیگر درجنوں ایوارڈزبھی دیے گئے۔
مہدی حسن ، پاکستان میں گائیکی کے شہنشاہ تھے۔ یہ میدان برسوں سے ان کے نام ہے اور آئندہ کئی عشروں تک بھی شاید ان کا کوئی جواب پیدا نہ ہوسکے۔ پاکستان فلم انڈسٹری سے وابستہ تمام افراد مہدی حسن کو جو مرتبہ عطاکرتے ہیں وہ ناصرف نہایت اعلیٰ ہے بَل کہ انھیں مہدی حسن سے والہانہ محبت ہے۔ محبت اور اپنائیت ہی کا نتیجہ ہے کہ سب لوگ انھیں ”خان صاحب“ کہہ کر پکارا کرتے تھے۔
 مصنف،شاعر اور نغمہ نگار یونس ہمدم اپنے ایک مضمون میں بھولی بسری یادوں کو بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں ،”میری بھی چند یادیں مہدی حسن کی آواز سے جڑی ہوئی ہیں۔ یہ میری بھی خوش قسمتی رہی ہے کہ میرے بھی کچھ گیت مہدی حسن کی آواز کے حسن سے آراستہ ہوئے اور ان گیتوں کو بے تحاشا عوامی مقبولیت حاصل ہوئی۔ یہ ان دنوں کی بات ہے جب میں ریڈیو پاکستان کراچی سے بزمِ طلبہ کے پروگرام میں لکھا کرتا تھا اور موسیقی کے پروگرام بھی لکھتا تھا۔ ان دنوں مہدی حسن اپنی شہرت کے آسمان پر چودھویں کے چاند کی طرح چمک رہے تھے ان کا زیادہ تر قیام لاہور میں رہتا تھا مگر وہ کراچی بھی آتے جاتے رہتے تھے اُنھی دنوں کراچی میں ایک فلم ” آ جا کہیں دور چلیں “ کا آغاز ہوا اور مذکورہ فلم کے لیے ایسٹرن اسٹوڈیو میں دو گیت ریکارڈ کیے گئے جس میں ایک گیت صہبا اختر کا لکھا ہوا تھا ” تنہا تھی اور ہمیشہ سے تنہا ہے زندگی “ جس کی دھن موسیقار اے غفور نے بنائی تھی اور دوسرا گیت ”لے کے چلی ہو مورا پیار گوری“ میں نے دھن پر لکھا تھا اور مذکورہ دونوں گیتوں کو مہدی حسن کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا تھا۔ فلم کے دونوں گیت فلم بننے سے پہلے ہی عوام میں مقبول ہو چکے تھے اور جب میں کراچی چھوڑ کر لاہور کی فلم انڈسٹری میں بحیثیت نغمہ نگار داخل ہوا تو یہ بات میرے لیے پھر باعث فخر تھی کہ میرا لاہور کی کسی فلم کے لیے پہلا گیت بھی مہدی حسن کی آواز میں ریکارڈ ہوا تھا۔“
بی بی سی اُردو کے مطابق دنیائے غزل کے مشہور پاکستانی گلوکار مہدی حسن کے انتقال پر بھارتی شوبز کی نام وَرر شخصیات نے بھارتی ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے انتہائی غم کا اظہار کیا ہے۔ممتاز گلوکارہ لتا منگیشکر کا کہنا ہے کہ انھیں لگتا ہے کہ’ ’ایشور“ یعنی بھگوان مہدی حسن کی آواز میں بولتا تھا۔ ان کی گلوکاری سے یہ صاف ہوتا تھا کہ انھیں کلاسیکل موسیقی میں مہارت حاصل ہے اور وہ اپنی غزلوں کو اپنے انداز میں عوام تک پہنچاتے تھے اور یہ ان کی بڑی خوبی تھی کہ وہ مشکل غزل کو آسان بنا کر پیش کرتے تھے۔لتا منگیشکر کا کہنا ہے کہ مہدی حسن مشکل غزل کو بھی آسان بنا کر پیش کرتے تھے۔”مجھے یاد ہے کہ میں نے کراچی کے ایک کالج میں گیٹ پھلانگ کر کے ان کی غزل سنی تھی۔“
لتا کی طرح غزل گلوکار پنکج ادھاس نے مہدی حسن کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے جب پہلی بار مہدی صاحب کو سنا تو ان پر جیسے جادو ہوگیا تھا۔”اُن دنوں مہدی صاحب کی کیسٹس مشکل سے ملتی تھیں لیکن میں نے بڑی مشکل سے ان کی کیسٹس خریدی اور انھیں سنا اور جب بھی میں انھیں سنتا تھا ہر بار مجھے ان کی غزل میں نئی چیز سننے کو ملتی تھی۔ میں اُن کا مُرید ہوں۔ ان کی موت گلوکاری کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔“
بالی وڈ کے معروف اداکار انوپم کھیر کے مطابق مہدی حسن ان کے پسندیدہ گلوکار تھے۔
اسی طرح صوفی گلوکار ضلع خان کا کہنا ہے کہ انھیں بھارتی ہونے کے ناتے اِس بات پر فخر ہے کے ہم نے سرحد پار کے سنگرز کو یہاں آنے کا موقع دیا اور ہم سب نے ان کو سنا اور لطف اندوز ہوئے۔ میرے لیے مہدی حسن تو عظیم ہیں ’واہ کیا آواز، کیا جادو۔“
ہدایت کار مدھر بھنڈارکر کا کہنا ہے کہ وہ مہدی حسن کے لیے دعا کرتے ہیں کہ ان کو جنت حاصل ہو۔ ”آپ کی غزلیں ہمارے ساتھ رہیں گی اور ہم ہمیشہ آپ کے شکرگزار رہیں گے۔“
 شہنشاہِ غزل کی مشہور غزلیں:شہنشاہِ غزل مہدی حسن خاں کے مشہور غزلوں میں”گلوں میں رنگ بھرے باد نو بہار چلے،جس نے میرے دل کو درد دیا،مجھ کو آواز دے کہاں ہے،جان جاں تو جو کہے گاون میں گیت تیرے،یہ دنیا رہے نہ رہے میرے ہمدم۔۔کہانی محبت کی زندہ رہے گی،میرا نام ہے محبت،پیار بھرے ، دو شرمیلے نین،میری زندگی ہے نغمہ،اک حسن کی دیوی سے تجھے پیار ہوا تھا،قصہ غم میں تیرا نام نہ آنے دیں گے،تیرے بھیگے بَدن کی خوشبو سے ۔۔لہریں بھی ہوئی مستانی سی،مجھے کر دے نا دیوانہ تیرے انداز مستانہ،دنیا کسی کے پیار میں محبت سے کم نہیں،دِل میں طوفان چھپائے بیٹھے ہیں،اِک بار چلے آو،زندگی میں تو سبھی پیار کِیا کرتے ہیں،ہماری سانسوں میں آج تک وہ حِنا کی خوشبو مہک رہی ہے،جب کوئی پیار سے بلائے گا،میں ہوش میں تھا۔۔پھر اُس پہ مَر گیا کیسے!!،میں خیال ہوں کسی اَور کا،مجھے تم نظر سے گِرا تو رہے ہو،رفتہ رفتہ وہ میری ہستی کاساماں ہو گئے،رنجش ہی سہی دِل ہی دُکھانے کے لیے آ،سامنے آکے تجھ کو پکارا نہیں،آج تک یاد ہے وہ پیار کا منظر، آنکھوں سے ملیں آنکھیں، آپ کی آنکھوں نے ، آئے کچھ ابر کچھ شراب آئے، اب کے ہم بچھڑے، اپنوں نے غم دیے تو یاد آگیا، چلتے ہو تو چاند کو چلیے اور دلِ ناداں تجھے ہوا کیا ہے ۔اِس کے علاوہ مہدی حسن نے 1970 میں کابل(افغانستان)میں فارسی غزلیات بھی گائیں۔
مہدی حسن گزشتہ بارہ برس سے سینے، پھیپھڑوں اور مثانے کے مختلف اَمراض میں مبتلا چلے آ رہے تھے۔شہنشاہِ غزل اُستاد مہدی حسن کوخراجِ تحسین پیش کرنے کے الفاظ نہیں،آپ نے غزل ،ٹھمری اور گیت کی اصناف میں جو رنگ بھرے ،وہ کسی کے بَس کی بات نہیں۔شہنشاہِ غزل اُستاد مہدی حسن پر قدرت کی خاص عنایت تھی۔سُر،آپ کی دہلیزپرسَر جھکائے کھڑے رہتے ،آخرکار وہ سُروں کو یتیم کرکے چلا گیا۔
٭٭٭
http://www.hamariweb.com/articles/article.aspx?id=22632

منگل، 1 نومبر، 2011

میاں صاحب جان دیو۔ ۔ ۔ رپورٹ

0 comments
سیاست ۔۔۔کالم
یکم نومبر2011عبروزمنگل
میاں صاحب جان دیو ہن ساڈی واری آن دیو
رپورٹ: رحمان محمودخان

عمران خان کا مینارِپاکستان میں جلسہءعام سےخطاب
عمران خان نے سول نافرمانی کی دھمکی دیدی‘نواز،زرداری اب تبدیلی نہیں روک سکتے، عمران خان

پولیس کو غیر سیاسی کرنے کے بعد تھانیدار کا الیکشن ہوا کرے گا جب تھانیدار منتخب ہو کر آئے گا تو وہ عوام پر ظلم نہیں کرسکے گا،ہم نے اپنے گاؤں کے لوگوں کو بھی آزاد کرنا ہے۔بلدیاتی نظام لے کر آئیں گے۔گاؤں کی سطح پر لوگوں کو مفت انصاف دلا کر دکھائیں گے۔ ہم بلدیاتی پنچائتوں کے تحت ہیلتھ یونٹ اور پرائمری سکول بنائیں گے ۔
لاہور میں تحریک انصاف کے زیراہتمام مینار پاکستان کی گراؤنڈ میں پُرہجوم جلسہ ہوا جس میں عوام اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جن کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ جلسہ میں خواتین، نوجوانوں اور بچوں کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی جنھوں نے پرجوش نعرے لگائے۔ دیگر چھوٹے بڑے شہروں اور صوبوں سے بھی کارکنوں نے شرکت کی۔ جلسہ گاہ میں ہر طرف تحریک انصاف کے جھنڈے نظر آرہے تھے، قومی ترانے بجائے جا رہے تھے۔ گراؤنڈ میں تین بڑی سکرینیں لگائی گئی تھیں۔ تحریک انصاف نے مسلم لیگ (ن) کے گڑھ لاہور میں طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ پنڈال میں موجود لوگ مختلف نعرے لگاتے رہے۔اس موقع پر ڈاکٹر عارف علوی‘ میاں محمد اظہر‘ حامد خان‘ ایڈمرل (ر) جاوید اقبال‘ اعجاز چودھری‘ مجیب ہارون‘ نذر بلوچ‘ احسن رشید‘ میاں محمود الرشید‘ ڈاکٹر یاسمین راشد‘ قاسم سوری‘ نعیم الحق‘ سلونی بخاری‘ فرخ حبیب و دیگر نے خطاب کیا۔مقررین کے خطاب کے دوران پاکستان کے مقبول گلوکاروں اور مشہور میوزک بینڈز نے اپنے اپنے انقلابی گیت گا کرحاضرین بالخصوص نوجوانوں کے دِلوں کو گرما دیا۔جلسہ عام میں لوگوںبالخصوص نوجوانوںکی کثیرتعداد نے شرکت کی اور 4سال کی عمر سے لے کر 40سال تک کے لوگوں کی شرکت قابلِ ستایش تھی،40سال سے بڑی عمر کے لوگوں کی تعداد تقریباً نہ ہونے کے برابر تھی۔جس سے اندازہ لگانا چنداں مشکل نہیں کہ پاکستان تحریکِ انصاف نوجوانوں کی مقبول سیاسی جماعت بَن گئی ہے۔
 جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر حامد خان نے کہا کہ پاکستان میں تبدیلی آنے والی ہے ہم عمران خان کی قیادت میں چوروں، ٹھگوں سے ملک کو نجات دلا دیں گے۔ ہر منصب پر جعلساز بیٹھا ہے کہیں جعلی وصیت والے اور کہیں جعلی ڈگریوں والے۔ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ تحریک انصاف ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنائے گی۔اگر عمران خان جلسے کے شرکاءکو گورنر ہاوس، وزیراعلیٰ ہاؤس کی طرف لے جائیں تو حکومت گر جائے گی۔ تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر اعجاز چودھری نے کہاکہ لاہور پاکستان کا دل ہے جو پوری صحت مندی سے دھڑک رہا ہے۔ انتخابات سے پہلے انقلاب برپا ہو چکا ہے۔ ظالموں ڈاکوؤں سے اقتدار چھیننا ہے، چھین لو چھین لو اقتدار چھین لوکے جملے پر حاضرین نے عمران خان ،عمران خان کے نعرے لگائے۔ پاکستان کی ساری دولت کو لائے گا تو شرکاءنے جواب دیا عمران خان۔ مرکزی نائب صدر ایڈمرل (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ پاکستان کو فقیرستان بنا دیا گیا ہے، ڈالروں کی خاطر ملک کو بیچ دیا گیا، روزانہ خودکشیاں ہورہی ہیں، قائدنے جو خواب دیکھا تھا ان کی تعبیر عمران خان کریں گے۔ مرکزی نائب صدر مجیب ہارون نے کہاکہ انقلاب پیدا ہو چکا ہے۔ مرکزی جوائنٹ سیکرٹری نذر بلوچ نے کہاکہ لاہور کے لوگوں کے ٹھاٹھیں مارتے سمندر سے ہمیں حوصلہ ملا ہے۔ تحریک انصاف پنجاب کے صدر احسن رشید نے کہاکہ پنجاب برصغیر کو اناج دیتا ہے آج مائیں خودکشی کر رہی ہیں، پنجاب کو یہ صورتحال قبول نہیں اور پنجاب اب تبدیلی چاہتا ہے۔ تحریک انصاف لاہور ریجن کے صدر میاں محمود الرشید نے کہا کہ جلسہ عام میں پانچ لاکھ لوگوں نے شرکت کی۔ تخت لاہور پرویز رشید کے آقاؤں نہیں عمران خان کا ہے۔ زرداری، شریفوں اور چودھریوں پر مینار پاکستان پر عوام نے عدم اعتماد کر دیا جو ان سب سے استعفوں کا مطالبہ کرتے ہیں۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما میاں اظہر نے کہا کہ 15برس ہوئے تحریک انصاف کی بنیاد رکھی گئی آج یہ عروج پر پہنچ چکی ہے۔ آج لاہور جاگ اٹھا ہے اور پھر سیاسی تبدیلی آتی ہے۔ یہ تبدیلی نوشتہ دیوار ہے۔ لاہورئیے کسی کے زرخرید غلام نہیں، لاہورئیے آئندہ برسوں میں سیاسی تاریخ پلٹ کر رکھ دیں گے۔ عمران خان اندھیرے میں روشنی کی کرن بن کر ابھرے ہیں اور وہ عوام کے تمام مسائل حل کرے گا۔ تحریک انصاف شعبہ خواتین کی صدر فوزیہ قصوری نے کہا کہ پاکستان میں گلوکار اور اداکار بہت ہیں مگر لیڈر صرف عمران خان ہیں۔ تحریک انصاف شعبہ خواتین پنجاب کی صدر سلونی بخاری نے کہا کہ آج عوام نے بتا دیا کہ پاکستان زرداری کا ہے نہ نوازشریف کا بلکہ یہ پاکستانیوں کا ہے۔آپ کو رحمن ملک، شہباز شریف یا نوازشریف چاہیے تو شرکائے جلسہ نے یک زبان ہو کر کہا کہ نہیں۔ ہم سب اسلام آباد جائیں گے اور حکمرانوں کو ہٹائیں گے۔ تحریک انصاف پنجاب کی جنرل سیکرٹری یاسمین راشد نے کہا کہ میں خدا کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے۔ شریف برادران اور آصف زرداری خود دیکھ لیں کہ آج پاکستان کا سارا نوجوان عمران خان کے ساتھ ہے۔ صوبائی صدر خیبر پی کے اسد قیصر نے کہا کہ عمران خان کو یہ عظیم الشان جلسہ مبارک ہو۔ تحریک انصاف بلوچستان کے صدر قاسم سوری نے کہا کہ زندہ دلان لاہور کو مبارکباد دیتا ہوں یہ عمران کا شہر ہے کاغذی شیروں کا نہیں۔ تحریک انصاف سندھ کے صدر نعیم الحق نے کہاکہ ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ملک سے غربت کی لعنت کو ختم کر دیں گے۔ تحریک انصاف کے رہنما ظہیر عباس نے کہا کہ یہ وہ تاریخی اور مقدس مقام ہے جہاں قائداعظمؒ نے قرارداد پاکستان منظور کی تھی۔ لاہور کے حکمرانوں کو بتانا چاہتا ہوں۔ رانا ثنااللہ، صدیق الفاروق جسے گیند بلے کی سیاست کہتے ہیں وہ دیکھ لیں کہ تمہارے لیڈر اکبر اعظم ہیں تو عمران خان شیر شاہ سوری ہے۔ تمہارے قائد کے اثاثے باہر اور میرے قائد کے ملک میں ہیں۔ استعفٰی دیدو یہ جلسہ تم پر عدم اعتماد ہے۔ ڈاکٹر مراد جنرل سیکرٹری لاہور نے کہا یہ وہی مقام ہے جہاں 71 برس قبل پاکستان کا خواب دیکھا گیا تھا۔ آج عمران خان کی سرپرستی میں ہم نے پاکستان کو بچانا ہے۔ صدر آئی ایس ایف پنجاب فرح حبیب نے کہا ہمیں مجبور کیا گیا یہاں آنے پر۔ آج انقلاب برپا کرنے کا دن ہے آئیں ہاتھ اٹھا کر عہد کریں کہ آپ اس ملک کے حقیقی پاسبان ہیں اور اس ارض کی حفاظت کریں گے۔ آپ حقیقی معنوں میں پاکستان کا مستقبل ہیں۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق تحریک انصاف کے ضلعی راہنما رانا نعیم الرحمن خاں نے مینار پاکستان لاہور میں جلسہ عام کیلیے قافلہ کی روانگی کے وقت کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد انقلاب کی سوچ کو سلام کرتے ہیں۔ ضلعی سیکرٹری جنرل انجم اقبال وڑائچ، شیخ نعیم احمد ہاشمی، فرید اقبال اعوان، صدر تحصیل نوشہرہ ورکاں چودھری اکرام الحق گوہیر، آرگنائزر حلقہ پی پی 92 ڈاکٹر جمشید اقبال، آرگنائزر حلقہ پی پی 99 چودھری ریاست علی کمبوہ، آرگنائزر حلقہ پی پی 101 خالد نذیر مصطفائی، آرگنائزر حلقہ پی پی 102 جاوید جالب ایڈووکیٹ، ظہیر احمد ضیاءایڈووکیٹ، عطاءالحق بھٹی، ملک محمد حسین، سیٹلائٹ ٹاؤن سے میاں عامر، شہزاد احمد چیمہ، عمران بیگ، بشارت اعوان، شیخ ارشاد احمد ہاشمی، ریحان شاہ، پرنس محمد افضل، رانا شعیب، رانا نعیم اکبر، میاں جاوید، ملک رمضان، چودھری ریاست بسرائ، حامد قمر، راجہ ذوالفقار، مون مرزا، سیٹھ لقمان، رانا معاذ و دیگر نے شرکت کی۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق جلسہ کے لیے شیخوپورہ سے متعدد قافلے روانہ ہوئے، بڑے قافلہ کی قیادت ضلعی صدر ڈاکٹر اشرف گھمن جنرل سیکرٹری منظور آصف روک، شاہ نواز، انیس ریاست ورک یوتھ ونگ کے ضلعی صدر وسیم باری، حافظ مدثر مصطفی نے کی، فاروق آباد سے چودھری شفقت علی گجر اور چودھری مزمل علی گجر کی قیادت میں 200گاڑیوں کا قافلہ لاہور گیا ان کے ساتھ تنویر بھٹی، ذوالفقار، اسد کھرل، رائے شہزاد چودھری محمد وارث، چودھری طاہر سعید، عباس علی چدھڑ، ملک عصمت شامل تھے۔ لیبر ونگ کے رہنما راشد منیر سابق رئیس بلدیہ میاں شفیق اشرفی، نوید حسین واہلہ، سجاد حیدر رندھاوا اور چودھری مسعود آفتاب بسرا،زوار حسین گھمن کی طرف سے قافلے لاہور گئے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان گزشتہ روز مینار پاکستان پر پاکستان تحریک انصاف کے بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 180اَرب ٹن کوئلہ ہے۔ ایران،عراق اور سعودی عرب سے زیادہ بجلی ہے‘ پاکستان میں 60 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہو سکتی ہے‘ اتنی بجلی پاکستان میں نہیں بنائی جائیگی کیونکہ اس میں کمیشن نہیں ملے گا‘ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے‘ کرپشن کی وجہ سے ملک کو 3 ہزار ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ یہ کرپشن تحریک انصاف ختم کریگی‘ تحریک انصاف کرپشن اور ٹیکس چوری ختم کرکے دکھائے گی۔ قانون بنائیں گے کہ اثاثے ظاہر کیے بغیر کوئی سیاست نہیں کر سکتا‘ جس دن اثاثے ظاہر کیے جائیں گے دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائیگا‘ ہم نے 15 سال کوشش کی کہ ملک میں تبدیلی آئے اور دو جماعتوں کی پارٹنرشپ توڑ دیں آج اللہ نے ہماری آواز سن لی ہے۔ نوجوانو میری بہنوں تحریک انصاف کے کارکنوں‘ آئی ایس ایف اور یوتھ پیپلز پارٹی اور نواز شریف کے جو کارکن یہاں ہیں انہیں بھی مبارکباد دیتا ہوں کہ آپ نے اپنا قبلہ درست کر لیا‘ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں ٹیکسی ڈرائیوروں’ ریڑھی بانوں ‘ تانگے والوں ‘ مزدوروں ‘ کسانوں ‘ سرکاری مزدوروں جو چھپ چھپ کر آئے ہیں ‘ پولیس والوں ‘ اپنی ماﺅں بہنوں ‘ بزرگوں ‘نوجوانوں اور خصوصاً میڈیا والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں او رسب سے زیادہ خراج تحسین میڈیا کو دینا چاہتا ہوں کہ آپ نے پاکستانیوں کو جگا دیا‘ لاہوریوں کو جگا دیا‘ جدھر آج ہم کھڑے ہیں ہم یہاں سے نئے پاکستان کا آغاز کر رہے ہیں۔ پاکستان کا ایک ہی سب سے بڑا لیڈر تھا وہ حضرت قائداعظمؒ تھے انہوں نے 1940ءمیں یہاں سے ہی تحریک پاکستان کا آغاز کیا‘ پھر میرے نظریاتی لیڈر علامہ اقبالؒ کا بھی یہی کہنا تھا کہ لاہور کو جیتنا بہت ضروری ہے کامیابی کے لیے حضرت داتا گنج بخشؒ کو کیسے بھول سکتا ہوں۔ وہ افغانستان بیٹھے تھے کہ اللہ نے انہیں لاہور پہنچنے کے لیے کہا اور یہاں سے اسلام کا پرچم بلند کرایا۔ اب نواز شریف اور زرداری اس طوفان کو نہیں روک سکتے۔ رائے ونڈ والوں اور اسلام آباد والوں سن لو یہ سیلاب نہیں سونامی آ رہی ہے جو اس کے سامنے کھڑا ہوا وہ بہہ جائے گا۔ پاکستان کے نوجوانوں کو پارٹنر شپ توڑنی آتی ہے ایک ان سوئنگر آنے والا ہے یہ پہلا گیند ہو گا جو دونوں بیٹسمینوں کی وکٹیں اڑا دے گا۔ آصف زرداری تم نے بھٹو کا نام استعمال کرکے کتنا ظلم کیا کہاں ذوالفقار علی بھٹو اور کہاں زرداری‘ بھٹو نیشنلسٹ تھا وہ امپیریلزم (سرمایہ دارانہ نظام)کے خلاف تھا اس نے روٹی کپڑا مکان کا نعرہ دیا زرداری تم نے کمال کر دیا روٹی کپڑا تو بعد کی بات ہے آپ نے تو16000 لوگوں کو خودکشی پر مجبور کر دیا۔ امریکہ میں بیٹھے پاکستانی سفیر کو جو درحقیقت امریکی سفیر ہی ہے کو خط دیا گیا کہ امریکیوں سے کہو مجھے پاکستانی فوج سے بچا لو میں آپ کی خدمت اچھی طرح نہیں کر سکتا میں اپنے جنرل لے آؤں گا اور آپ کے جوتے پالش کروں گا انہوں نے کہا کہ میاں صاحب پہلے خدا کے واسطہ یہ بتاو پرسوں تم نے یہ کیا پٹواریوں کا جلسہ کیا اگر جلسہ کرنا تھا تو شیری دکھانی تھی یہ گیدڑوں کا کیا جلسہ کیا۔ آپ مچھروں کا تو مقابلہ نہیں کر سکتے‘ زرداری کا کیا مقابلہ کریں گے۔ شہروں میں لوڈشیڈنگ کے باعث نوجوان پڑھ نہیں سکتے فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں ملک تیزی سے اندھیرے کی طرف جا رہا ہے‘ تحریک انصاف برسراقتدار آ کر سب سے پہلے واپڈا کے تمام جنریشن پلانٹ جو 25 فیصد چل رہے ہیں انہیں 70 فیصد تک پہنچا دیں گے ہمیں لوڈشیڈنگ نہیں کرنا پڑے گی۔ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے اس کی وجہ سے آج ہم امریکہ کی غلامی کر رہے ہیں‘ ٹیکس چوری اور کرپشن سے پاکستان کو ہر سال 3000 ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے یہ چوری ہم ختم کریں گے۔ ہم ان سے پوچھیں گے کہ آپ ارب پتی کیسے بن گئے۔ ایک وزیر کہتا ہے مجھے نہیں معلوم کہ میرے اکاؤنٹ میں 4 کروڑ روپیہ کہاں سے آ گیا۔ سیا ستدانوں کا پیسہ بیرون ملک کیوں پڑا ہے۔ زرداری تو کبھی کبھی پاکستان کا دورہ کرتے ہیں ہم انشاءاللہ تمام ٹیکس جمع کرکے دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا مقابلہ نہ سب سے بڑی بیماری زرداری کر سکتا ہے اور نہ ہی رائیونڈ کا سرکس کا شیر۔انہوں نے کہا کہ ہم کرپشن کا خاتمہ کرکے دکھائیں گے ہم تمام بڑے بڑے مگرمچھوں کو کٹہرے میں لائیں گے۔ سوئس بنکوں میں پاکستانیوں کا 100 ارب ڈالر پڑا ہے۔ پاکستان کے ذمہ غیر ملکی قرضہ 60 ارب ڈالر ہے۔ انشاءاللہ ہم یہ پیسہ واپس لا کر دکھائیں گے۔ جہاں پٹواری ہوں گے وہاں قبضہ گروپ ہوں گے موجودہ اسمبلیاں قبضہ گروپوں سے بھری پڑی ہیں۔ہم پٹواری نظام ختم کرکے زمینوں کو کمپیوٹرائزڈ کریں گے، ہم تھانہ کلچر بدلنا ہے پولیس کوغیر سیاسی بنانا‘جب سیاسی جماعتیں اپنے کارکنوں‘ دہشت گردوں‘ چوروں اور ڈاکوؤں کو پولیس میں بھرتی کراتی ہیں تو امن کیسے ہو گا۔ پولیس کو غیر سیاسی کرنے کے بعد تھانیدار کا الیکشن ہوا کرے گا جب تھانیدار منتخب ہو کر آئے گا تو وہ عوام پر ظلم نہیں کر سکے گا ہم نے اپنے گاؤں کے لوگوں کو بھی آزاد کرنا ہے۔ بلدیاتی نظام لے کر آئیں گے۔ گاؤں کی سطح پر لوگوں کو مفت انصاف دلا کر دکھائیں گے۔ ہم بلدیاتی پنچائتوں کے تحت ہیلتھ یونٹ اور پرائمری سکول بنائیں گے یہ نہیں کہ وہ بے چارے بھاگتے آئیں ”خادم اعلی“ کے پاس اور چکر لگانے پڑتے ہیں لیکن ہم آ کر ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچی بھائیوں پر بہت ظلم ہوا ہے ہم انہیں اپنے ساتھ ملائیں گے بلوچی بھائیوں کو اپنا بھائی بنائیں گے‘ پاکستان میں آپ کو وہ سٹیٹس دیں گے جو آج تک آپ کو کسی نے نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ میاں صاحب جان دیو ہن ساڈی واری آن دیو۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مزید کہا کہ بلوچستان وہ علاقہ ہے جہاں 260ارب ڈالر کے تانبے کے ذخائر موجود ہیں،وہاں سوئی گیس کے ایک اورزین گیس ملی ہے جو انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بلوچی بھائیوں کے ساتھ ظلم کیا گیا ‘ تحریک انصاف بلوچی بھائیوں کو یقین دلاتی ہے انکو ساتھ ملائیں گے اور ان سے بات چیت کریں گے۔وہاں ملٹری آپریشن اور ٹارگٹ کلنگ کو ختم کریں گے اور انہیں اپنا بھائی بنائیں گے۔ بلوچی بھائیوں کو وہ عزت دیں گے جو انہیں ابھی تک کسی نے نہیں دی۔ دہشتگردی کے خلاف امریکہ کی جنگ ہماری نہیں بلکہ ہمارے حکمرانوں نے ڈالروں کے لیے اسے اپنایا ہے میں ایسی جنگ پر لعنت بھیجتا ہوں ‘ حکمرانوںکو اس پر شرم آنی چاہیے کہ انہوںنے اپنے لوگوں کا خون بیجا ہم تمام ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔ حکمرانوں نے 35ہزار پاکستانیوں کو صرف ڈالروں کے لیے مروا دیا جس میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں جو بچے ہیں انکے بازو ور ٹانگیں نہیں ہم ڈالروں کی پوجا کرنے والوںکا احتساب کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی علاقوں کے معززین نے کہا ہے کہ ملٹری آپریشن سے دہشتگردی ختم نہیں بڑھ رہی ہے ہم امن کو موقع دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستانی قبائلی علاقوں سے فوج نکلے تو وہ خود دہشتگردی کو ختم کر دیں گے۔ قبائلی علاقوں میں 10 لاکھ مسلح لوگ ہیں جو ہمارے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ہم ڈائیلاگ کا راستہ اپنائیں گے اور انہیں ساتھ ملا کر چلیں گے۔،ہم افغانستان سے نکلنے میں تمہاری مدد کرین گے لیکن تمہارے کہنے پر ملٹری آپریشن نہیں کریں گے ‘ پاکستان کی فوج کبھی اپنی عوام کے خلاف استعمال نہیں ہوگی ‘پاکستان کبھی بھیک نہیں مانگے گا ‘بتایا جائے کہ کیاقائد اعظم محمد علی جنا ح بھیک مانگ سکتے تھے عمران خان بھی مر جائے گا لیکن بھیک نہیں مانگے گا بلکہ اپنے لوگوں کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کریں گے ‘ بھکاریوں کی دنیا میں کوئی عزت نہیں ہوتی ‘ بھیک مانگنے کی وجہ سے لائن میں جھک کر کھڑا ہونا پڑتا ہے۔جب ہم بھیک مانگتے ہےں تو چاچی کلنٹن یہاں دھمکیاں دیتی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کے ہرے پاسپورٹ کی دنیا مےں عزت بحال کرائیں گے،کرپشن ختم کر کے آزاد عدالتیں بنا کر انشاءاللہ یہاں اتنی سرمایہ کاری آئے گی کہ پاکستانی ڈالروں کی اپنے وطن پر بارش کر دیں گے میری اللہ سے دعا ہے کہ پاکستان کو ایسا ملک بنا جہاں دنیا بھر سے لوگ ملازمتیں تلاش کرنے کے لیے آئیں، مےں اپنے تمام مزدوروں کو پیغام دیتا ہوں کہ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے ہم آپ کو آپ کے حقوق دلائیں گے۔ ہم خواتین کی تعلیم کے لیے ایمرجنسی ڈیکلیئر کریں گے‘ عیسائی اور تمام اقلیتیں بھی آزاد ہوں گی، ان پر کوئی زیادتی نہیں کر سکے گا۔ میں بھارت کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اس نے جو کشمیر میں 7 لاکھ فوج رکھی ہوئی ہے فوج کے ذریعہ کسی کو نہیں دبایا جاسکتا۔ جب امریکہ فوج کے ذریعہ کسی کو غلام نہیں رکھ سکا تو یہ کیسے کامیاب ہو سکتے ہےں، تحریک انصاف کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہوگی اور انہیں ان کے حقوق دلائے گی۔ ہم چین سے دوستی بڑھائیں گے، ان کی مدد لیں گے۔ عمران خان نے تمام ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا آپ کو اب کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری مےں آپ کی حکومت کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ چند ماہ کے اندر اثاثے ڈیکلیئر کر دیں۔انہوں نے کہا کہ اثاثے ڈیکلیئر نہ کرنے والوں کے خلاف اور آزاد الیکشن کمشن کے قیام کے لیے سپریم کورٹ میں جائیں گے۔ وہ ہم تمام سیاستدانوں کے اثاثوں کی خود تفتیش کریں گے، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مستقبل کیلیے پروگرام دیتے ہوئے واضح اعلان کیا ہے کہ اگر حکمرانوں اور سیاستدانوںنے اپنے اثاثے ظاہر نہ کیے تو سول نافرمانی کی تحریک شروع کر دیں گے اور تمام شہر بند کردیں گے ‘تحریک انصاف کے چیئرمین نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ گاوں کی سطح پر لوگوں کے لیے پنچائتی نظام لایا جائے گا اور انہیں ان کی دہلیز پر انصاف دیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا مینارِ پاکستان میں جلسہ اور زندہ دلانِ لاہور کی آمد یہ ثابت کرتی ہے عوام باشعور ہیں اور اُن کو متبادل قیادت کی اَشد ضرورت ہے لیکن یہ جلسہ قیادت کی تبدیلی کی طرف ایک قَدم ہے نہ کہ نظام کی، نظام کی تبدیلی کے لیے پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنان اور نوجوانوں کو عمران خان کا ساتھ دینا پڑے گا۔جب کہ عمران خان کو ہر قسم کا دباؤبالاے طاق رکھ کراس جلسے میں دیے گئے منشور پر عَمل پیرا ہونے کے ایڑی چوٹی کا زور لگاناچاہیے اور مفاہمت کے نام پر کی جانے والی سیاست کے چُنگل سے بچناچاہیے کیونکہ سیاست میں دَشمن کا دُشمن دوست ہوتا ہے۔
....٭٭٭....

منگل، 30 اگست، 2011

اتوار، 31 جولائی، 2011

تھانہ کلچر اور پولیس گردی

1 comments
 تھانہ کلچر اور ۔۔۔کالم
تھانہ کلچر اور پولیس گردی
تحریر: رحمان محمودخان
کیاتھانہ کلچر کبھی ختم ہوگا؟
یہ ایک ایسا چبھتا سوال ہے جس کا جواب دلائل کی لمبی فہرست کے ساتھ روزانہ ملک کے اخبارات و جرائدکی زینت بنتا ہے،پاکستان کا کوئی ایسا روزنامہ یا ٹی وی چینل نہیں‘جہاںکالم نگاروں،رپورٹر حضرات اور اینکر پرسن نے تھانہ کلچر اور پولیس گردی پربحث مباحثہ اور تجاویزنہ دی ہوں۔اِن پروگراموں میں مدعو کیے گئے مہمان تھانہ کلچر اور پولیس گردی کو جَڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے اقدامات اور دعووں سے پروگرام کے (40منٹ)دورانیہ کو گلو خلاصی کراتے ہیں اور اِس بات پر ہی خوش ہو جاتے ہیں کہ انھوں نے کامیاب انٹرویو دے کر اینکرپرسن(میزبان) کو سَر کرلیا،لیکن آج تک تھانہ کلچر بَدل سکا اور نہ ہی پولیس کا نارواسلوک(پولیس گردی)۔
اَب تویہ تھانہ کلچر اور پولیس گردی ملکی سطح پرثقافتی ورثہ اور پہچان بن چکی ہے،جس میں غنڈہ گردی،قبضہ مافیااور دیگر جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی یا بلاواسطہ پشت پناہی کرنا، حق دار کو ناحق گالیاں اور نازیبا الفاظ کا استعمال شامل ہے۔راقم اِن محافظوں کے منہ سے یہ خرافات اور بے ہودہ زبان کا استعمال وغیرہ زمانہ طالبِ علمی سے سماعت کرتا رہاہے،لیکن چند روز قبل ایک ایساہی واقعہ راقم اور اہلِ خانہ کے ساتھ پیش آیا،”جَب خود پہ بیتتی ہے تو اندازہ ہوتا ہے کہ کیا بھاؤہے!“۔کچھ ایساہی ہوا۔۔۔کیوں کہ مَیں مختلف اخبارات ،نیوز ویب سائیٹس پر کالم اور فیچر لکھتا ہوں،اس لیے قارئین کو صِرف یہ بتانا مقصود ہے کہ تھانہ کلچر اور پولیس گردی ختم کرتے کرتے یہ حکومت بھی مدّت پوری کر چلی،جج حضرات فیصلے سناتے سناتے ریٹائرڈ ہو جاتے ہیں،مدعی اور حق دار افراد اپنامسئلہ،مدعا لے کر کورٹ کچہریوں میں پٹیشن وغیرہ دائر کرتے کرتے زندگی کی60ویں سالگرہ مناتے ہیں،اور ہم جیسے لوگ جہادباالقلم سے اِن چیرہ دستیوں کو درست کرنے کی کوشش میں وقت صَرف کرتے ہیں،جب کہ پولیس(جو لائن آرڈر کی درستگی کی بجائے ایک مافیاکا روپ دھار چکی ہے)اپنی دہاڑی بنانے کے عمل میں دِن رات کوشاں رہتی ہے۔قانون کا یہ بے لگام اِرتقائی سفررواں دواں رہتا ہے اور دوسری طرف غنڈہ عناصر،قبضہ مافیاحضرات ساز باز کرتے ہوئے اپنی دنیا سنوارنے اور بے گناہوں کی دنیا اُجاڑنے میں مصروف رہتے ہیں۔
اِن قبضہ مافیاعناصر کے ایسا کرنے میں اِن کی معاونت کون کرتا ہے؟یہ بتانا اس لیے ضروری نہیں کیوں کہ یہ حقیقت آپ بھی اچھی طرح سمجھتے اور جانتے ہیں،لیکن اِن معاونین کے علاوہ قصور کہیں پہ ہمارا(عوام کا) بھی ہے،کیوںکہ ہم خاموش تماشائی بنے اس لیے چُپ سادھے رہتے ہیں کہ یہ ”صِرف اُس کے ساتھ ہی تو ہو رہا ہے“۔یہ خاموشی بھی تو اِن تخریبی عناصر کو حوصلہ دیتی ہے۔مَیں یہ واقعہ قارئین اور اربابِ اختیارکے عِلم میں اِس لیے بھی لاناچاہتا ہوں کہ اِن کے افسرانِ بالا کو اندازہ ہوجائے کہ اِن کی ”چَھتر چھائیہ“میں تھانے دار حضرات کیسے بے گناہوں اور مدعیوں کو زدوکوب کرتے ہیں اور کم اَز کم آئیندہ کے لیے ہی پولیس اور قبضہ مافیا عناصر کوبھی تنبیہ ہو جائے :۔
راقم کے گھر سے ملحقہ پلاٹ پر کچھ قبضہ مافیا(بظاہر شریف)افرادقابض ہونے کے خواہاں ہیں،عدالتِ عالیہ(دیوانی) میں اِس کیس کی شنوائی عرصہ تین سال سے ہو رہی ہے۔عدالتی کاروائی سے ہم لوگ مطمئن تھے،راقم کے اہلِ خانہ نے عدالتِ عالیہ کومکمل ثبوت Stayاورمتعلقہ کاغذات فراہم کیے،جس کے باعث عدالتی کاروائی کے دوران مخالفین کا
خارج ہو گیا،اوراُن پر توہینِ عدالت کی شِک بھی لگ گئی لیکن مخالفین قانونی پیچیدگیوںسے بچتے بچاتے بارہا پولیس کو فریق کی حیثیت سے شامل کرنے کی تگ ودو میں لگے رہے۔ چند ماہ قبل عدالت نے اِس معاملے کے حَل کے لیے کمیشن بھیجا۔جس نے دونوں فریقین کے دلائل اور موقع کا معائنہ کرکے حقائق پر مبنی رپورٹ عدالت میں پیش کی،جس سے عدالت کو اِس معاملے میں مزید کنفرمیشن ہوگئی۔مگر جب مخالفین کواِس تمام کاروائی سے مستقبل قریب میں اُن کے خلاف ایکشن ہوتا دکھائی دیا تو اِن قبضہ مافیاعناصر نے عدالت کا وقت ضایع کرنے اور دوسرے اوچھے ہتھکنڈے اختیارکیے۔یہ حضرات عدالت کی دی گئی تواریخ پرحاضر نہ ہوتے۔جس سے کیس نے مزید طول پکڑا۔دوسرا طریقہ جو اِن قبضہ مافیا اور ڈرگ مافیا نے اختیار کیا وہ راقم اور اہلِ خانہ پرغلط اور بے بنیاد الزامات لگا کر پولیس کے ذریعےہراساں کرنا شروع کردیا،تاکہ اِس کیس کا فیصلہ عدالت سے باہر پولیس کے روایتی” مُک مُکاؤکے ذریعے ممکن ہوسکے،اِس سلسلے میں مخالفین نے اپنے گھر کی دیوار مرمّت کرنے کے بہانے راقم کے پلاٹ کو عارضی طور پر لینے کے لیے ہمارے خلاف ایک جھوٹی اور بے بنیادالزمات پر مبنی درخواست پولیس کو دی۔جَب اِس سے بھی چارہ کارگر نہ ہوا تو اِن حضرات نے پولیس اسٹیشن میں ڈرانے دھمکانے کا انداز اختیار کیااور راقم سے بھی نازیبااوربَداخلاق زبان کااستعمال کیا۔اِس موقع پر راقم کے والدگرامی (جو دِل کے مریض ہیں)نے حق بجانب ہونے کے باعث پولیس کو تنبیہ کی کہ عدالت میں زیرِسماعت کیس کو پولیس سٹیشن میں حَل نہیں کیا جاسکتا،اِس تلخ کلامی کے بعدپولیس کے”محترم سَب انسپکٹر“نے اُن قبضہ اورڈرگ مافیاافرادکے روبرومیرے والد گرامی اور مجھ کوحوالات کی ہوا کھانے کی دعوت دی،یہ سَب کچھ میری موجودگی میں وقوع پزیر ہوا،جس پر میری مداخلت کرنے اورگالیاں سننے کی سَکت جواب دے گئی،اِس تمام واقعے میں مخالفین کی ٹولی نازیبا اور بے ہودہ گالیوں کا استعمال نہایت نپے تلے انداز سے کرنے میں پولیس کی برابر کی شریک رہی۔اسی اثناءمیں میرے والد گرامی کو اینجائنا کی دَرد ہونے لگی،بالآخر معاملہ عارضی طور پر دَب گیااور ایک بار پھر اُن عناصر کو دندناتے پھرنے کا استحقاق حاصل ہوگیا۔
اِس تمام واقعے نے پولیس کے چند افراد کی غنڈہ اور قبضہ مافیا عناصر کو پشت پناہی کرنے کی کئی گرہیں کھول دیں،ایک طرف پولیس کہتی ہے کہ عدالت میں زیرِ سماعت کیس کے کسی بھی معاملے میں پولیس بولنے سے قاصر ہے‘جب تک عدالت حکم نہ دے۔جب کہ دوسری طرف پولیس اِن عناصر کے ساتھ ایک فریق کی حیثیت اختیار کرکے ایک طرح سے عدالت کامذاق اُڑانے کی مرتکب ہو تی ہے۔
اِس واقعے کے بعد راقم کو عِلم ہوا کہ شریف اور حق دار انسان پولیس سٹیشن جانے سے کیوں کتراتا ہے، کیوں کہ اُسے علم ہوتا ہے کہ جتنا سرمایہ یا جائداد اُس کے پاس موجودہے کہیں اُس سے بھی ہاتھ دھونے پڑ جائیں۔
٭   قارئین اور اربابِ اختیار کو اِس تمام واقعے سے آگاہ کرنے کا مقصد بھی یہی تھا کہ جب ایک کیس عدالت میں فیصلے کے قریب ہے تو عدالت سے باہر زدو کوب یاہراساں کرکے معاملات حَل کرنے کا کیا جواز ہے؟
٭   پولیس کی کارکردگی کوبڑھانااور رشوت ستانی کو ختم کرنے کے لیے وزیرِ اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے پولیس کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ اِس لیے کیاتھا کہ یہ حق دارسے اُس کا حق چھینے اور غنڈوں ،قبضہ مافیوںکو حوصلہ دیں!!!
راقم کی چیف جسٹس آف سپریم کورٹ ،چیف جسٹس آف ہائی کورٹ،وزیرِ اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور پولیس کے کسی ایمان دار اور فرض شناس افسر سے اپیل ہے کہ خدارا اِس معاملے میں راقم اور اہلِ خانہ کی مدد نہ سہی تو کم از کم عدالتی معاملات میں مداخلت سے پولیس اوراُن قبضہ مافیا کو روکا جائے اور تحفظ فراہم کیا جائے۔۔

تحریر: رحمان محمود خان
Feedback:peghaamnews@gmail.com

http://peghaam.blogspot.com/
http://article.urduhome.net/2011/08/01/rehman/ 
http://www.urdusky.com
http://hamariweb.com/articles/article.aspx?id=15095
http://zeeshannews.com/columns/rehman/8.htm
In India:  http://www.khwajaekramonline.com/blog/?p=1834


....٭٭٭....

جمعرات، 14 جولائی، 2011

پاکستان میں گرینڈ الائینس

0 comments

پاکستان میں گرینڈ الائینس کا تاریخی تناظر
تحریر:رحمان محمود خان
توجہ طلب بات ہے!
پاکستان کے تمام ادارے،انتظامیہ اور سیاسی جماعتیں ایک افراتفری کے عالم میں ہیں،ہرادارے میں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی مسابقت چل رہی ہے۔ریاستی اداروں سمیت پرائیویٹ سیکٹر اور ملٹی نیشنل کمپنیز بیان بازی اور ذاتی فنڈ ریزنگ کے چکر میں ہیں۔جس کی بدولت اِالاّماشاءاللہ ہماری سیاسی جماعتیں اپنی دکان داری چمکانے میں تَن،مَن،دَھن ایک کیے ہوئے ہیں،جس کاواضح حاصل یہ ہے کہ ان تمام چیزوں میں بھلائی اور اچھائی صِرف ذاتی ہے اجتماعی نہیں اور جس ملک کے ریاستی ادارے عوام کے اجتماعی مفادکو مدِّنظر رکھنامتروک کردیں اورصرف اپنے بنک بیلنس کوترجیح دینااوّلین نصب العین سمجھ لیں‘تواُس ملک کا حال”پاکستان“جیسا ہی ہوگا،جہاں اصلاحِ احوال نام کی چیز ناپید ہوچکی ہے۔اداروں کی اصلاح اس صورت میں ہی ممکن ہے کہ گُڈگورننس کے نام لیواوں کو کم از کم اس بات کا ادراک ہو جائے کہ عوام کو ریلیف دینے سے ہی یہ سب ممکن ہے،لیکن افسوس یہاں توگُڈ گورننس ہے ہی ان کے ذاتی اور پارٹی مفاد کے لیے۔۔۔۔
پاکستان کی سیاسی تاریخ میں اکثر یہ ہوتا آیا ہے کہ جب ایک سیاسی جماعت کے ہاتھ کچھ نہ آیا یا بہت تھوڑا آیاتواس جماعت کے سرکردہ رکن نے باقی تھکی ہاری جماعتوں کے سربراہان کو اکٹھاکیا،چند مفادی باتوں کو عوام کے مفادکے روپ میں ڈھال کر ایک اتّحاد بنا لیا اور اس کا نام ”گرینڈ الائینس“ رکھ دیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ایسے دھڑے حکومت کو توڑتے توڑتے خود بھی ا،ب،ج جیسے دھڑوں میں تقسیم ہوجاتے ہیں،اور آخر میں حروفِ تہجّی کے علاوہ کچھ نہیں بچتا۔پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایسے کئی گرینڈ الائینس اپنی موت آپ مرتے رہے ہیں۔
اَب ایک نیاگرینڈالائینس بننے کی طرف رواں دواں ہے جس کی بنیادبدھ6جولائی کومسلم لیگ (ن)اور ایم کیو ایم نے رکھی،اس سے ملکی سیاست میں ایک نئی ہلچل اور سیاسی حلقوں میں کشیدگی کے بادل اُمڈ آئے ہیں اور چند روز قبل یہ بادل سندھ کے سینئر صوبائی وزیر ذوالفقارمرزاکی صورت میں گرج برس گئے ہیں۔اب اس گرینڈالائینس کے بارے پاکستان پیپلز پارٹی درست بتا سکتی ہے کہ آیا یہ گرینڈالائینس ہوگا یا گرائینڈ الائینس۔۔۔۔
راقم کو سابقہ اخبارات کی دھول اُڑانے پر معلوم ہوا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایسے گرینڈالائینس ہوتے آئے ہیں۔قصّہ یوں ہے:
(1)
1970ع کے بعدجب ملک میں سیاسی استحکام آنے لگا، ترقی کا پہیہ چلنے لگا،معاشرے میں برداشت اور جمہوری روایات قدم جمانے ہی لگی تھیں کہ 1977 ع کے انتخابی نتائج کو جواز بنا کر پاکستان عوامی اتحاد (پی این اے) کی شکل میں ایک گرینڈ الائنس وجود میں آیا‘جمہوریت کی بساط لپیٹنے کے لیے ملک کی نو جماعتیں اکٹھی ہوئیں،اُن دنوںحکومت اور پاکستان عوامی اتحاد (پی این اے) کی محاذ آرائی عروج پر تھی۔اس الائینس میں مولانا مفتی محمود اور مولانا مودودی بھی شامل رہے۔ذوالفقار علی بھٹوکے پاکستان عوامی اتحاد (پی این اے)کے مذاکرات کامیاب ہو نے ہی والے تھے،حکومت اور گرینڈ الائینس کے مابین معاہدے پر دستخط ہونے کے قریب تھے کہ4جولائی 1977ع کی شب جنرل ضیاءالحق نے اقتدار پر قبضہ کر لیااور گرینڈ الائینس (اتحاد) میں شامل تمام جماعتیں مارشل لاءکی نوتعمیر کردہ حکومت میں شراکت دار بن گئیں۔
(2)
آمرجنرل ضیاءالحق کے خلاف تحریک بحالی جمہوریت، ایم آر ڈی، کے نام سے ایک اور گرینڈ الائینس وجود میں آیا۔ اس الائینس کی خوبصورتی یہ تھی کہ اس میں پاکستان عوامی اتحاد (پی این اے)کی تحریک چلانے والے نواب زادہ نصر اللہ،ائیر مارشل اصغر خان، عبدالولی خان اور رسول بخش نمایاں تھے، تا ہم اس اتحاد کی مرکزی نمایندگی کم عمربے نظیر بھٹوکے حصّے آئی،دلچسپ امر ہے کہ وہی لوگ جو ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کے خلاف تھے،آج اس کی بیٹی کی تقلید میں اکھٹے تھے۔لیکن اس الائینس نے پیپلز پارٹی کو بہت جانی نقصان پہنچایا۔پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان نیشنل پارٹی(پی این اے) کے کارکنان کو قیادت سمیت زیادتیوں کا نشانہ بنایا گیا۔
(3)
1998ع بنی نوع ِانسانی ع کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف دیگر مخالفین نے ایک اور موثر گرینڈالائینس بنایا۔جس میں مولانا شاہ احمد نورانی مرحوم، ائیر مارشل اصغر خان اور محمد ان جونیجو شامل تھے۔ انتخابات میں اِس گرینڈ الائینس کو عبرت ناک شکست کی ہزیمت اٹھانا پڑی اور اس کے محض دو امیدوار جنرل (ر) انصاری اور ڈاکٹر شیر افگن خان نیازی کامیاب ہوسکے۔
(4)
1998ع میں پیپلزپارٹی کے مخالفین کے لیے بے نظیر بھٹو کا وزیراعظم بننا ناقابل برداشت تھا، جس کے نتیجے میں محاذ آرائی اور سیاسی کشیدگی کی فضا قائم کی گئی۔ایک بار پھرسازشوںکاجال انتہائی رازداری سے پاکستان کی پہلی خاتون وزیرِاعظم بے نظیر بھٹو کے خلاف تحریک عدم اعتمادکی صورت میں سامنے آیا،اِس بارغلام مصطفےٰ جتوئی کی قیادت میں گرینڈ الائنس وجود میں آیالیکن تحریک عدم اعتمادناکام ہوئی مگر کچھ عرصہ بعداس وقت کے صَدرغلام اسحٰق خان مرحوم نے بے نظیر حکومت کو چلتا کیا۔
(5)
پاکستان کی سیاست میں ہارس ٹریڈنگ کا عنصر اِس دور سے بخوبی ملتا ہے۔1990 ع کی دہائی میں جو رسّا کشی پاکستان مسلم لیگ اور پاکستان پیپلز پارٹی میں ہوئی،وہ کسی بھی شخص سے ڈھکی چھپی نہیں۔1990 ع کے انتخابات میں بے نظیر بھٹو اور پاکستان پیپلزپارٹی کو برسرِاقتدار آنے سے روکنے کے لیے ایک اور گرینڈ الائینس تشکیل دیا گیا جس کا نام اسلامی جمہوری اتِّحاد(آئی جے آئی)رکھا گیا،جس کے روحِ رواں آئی ایس آئی کے جنرل ریٹائرڈ حمید گُل تھے۔اسی اثنا میں محترمہ بے نظیر بھٹو، نواب زادہ نصر اللہ مرحوم، ائیر مارشل اصغر خان، ڈاکٹر طاہر القادری نے مل کر پاکستان ڈیمو کریٹک الائنس (پی ڈی اے) کے نام سے گرینڈ الائینس بناڈالا۔
(6)
1990ع کے انتخابات کے نتیجے میں نواز شریف حکومت کے خلاف ایک اور سیاسی اتحاد قائم کیا گیا،جس میں مرحوم نواب زادہ نصر اللہ خان، بے نظیر بھٹو ، غلام مصطفےٰ جتوئی، مولانا کوثر نیازی بھی شامل تھے۔
سیاسی شورشیں پیدا ہوتی رہیں ،گرینڈالائینس بنتے،ٹوٹتے اور بکھرتے رہے،اورایسے خود ساختہ اتِّحاداپنی موت آپ ختم ہوتے رہے۔
(7)
محترمہ بے نظیربھٹو اور نواز شریف کے اَدوارکی آنکھ مچولی کے بعد ایک اور آمر(پرویز مشَّرف) کا دور آیا جس میں اس وقت کی اپوزیشن نے مرحوم نواب زادہ نصراللہ خان کی سرپرستی میں ایک اور گرینڈ الائینس”اے آر ڈی“کے نام سے بنایا۔جس میں ملک گیر تحریک چلائی گئی اور بالاخر”باری باری“کی سیاست رنگ لائی،پرویز مشَّرف نے محض اپنی باری پوری کرکے اقتدار کے مزے لوٹنے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کو حکومت سونپ کر پردیس کی راہ لی۔
(8)
2008ع کے انتخابات کے نتیجے میں پاکستان پیپلز پارٹی،پاکستان مسلم لیگ(ن) اورمہاجر قومی موومنٹ(ایم کیو ایم)اور دیگر جماعتوں کے درمیان ”کچھ دو،کچھ لو“کے مصداق مفاہمتی ڈیل طے پائی۔
لیکن اَب کی بار2011ع میں پاکستان پیپلز پارٹی،پاکستان مسلم لیگ(ق)کے مابین مفاہمتی اور اشتراکی سلسلے کا آغاز ہو اہے۔جب کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) اورمہاجر قومی موومنٹ(ایم کیو ایم)کے مابین ایک بڑے سیاسی اتِّحادکاآغاز ہواہے۔
جس کا نتیجہ تاریخ دان کورے کاغذ پر ثبت کرنے کے لیے بے چین ہیں۔اِس بارگرینڈالائینس میں شامل جماعتوںمیں پاکستان مسلم لیگ(ن) اورمہاجر قومی موومنٹ(ایم کیو ایم)،جماعتِ اسلامی،جمیعت علمائِ اِسلام،سنّی اتِّحاد کونسل،تحریکِ انصاف،بلوچستان کی قوم پرست جماعتیں اور تحریک صوبہ ہزارہ شامل ہیں۔
افسوس کی بات تو یہ ہے کہ جو جماعت بارہا یہ کہتی رہی کہ آمر کی گود میں بیٹھنے والوں سے دوستی نہیں کی جائے گی،آج وہی جماعت عوام کو بے وقوف بناتے ہوئے اپنے الُّو سیدھے کرنے کے ساتھ ساتھ آئیندہ انتخابات کے لیے راہ ہموار کرہی ہیں۔اَب دیکھنا یہ ہے کہ یہ گرینڈ الائینس محض اپوزیشن کی قسمتیں بدلتا ہے یا عوام کی۔۔۔۔اگر اِس الائینس سے عوام کو ریلیف ملتا ہے،تو یہ پاکستان کی سیاسی تاریخ کاایک عظیم کارنامہ ہوگالیکن ایسا ہوتا نظر نہیں آتا۔۔۔!!!!

تحریر: رحمان محمود خان
Feedback:peghaamnews@gmail.com
More Links:

....٭٭٭....

پیر، 25 اپریل، 2011

کِردار ہمیشہ زندہ رہتے ہیں

1 comments


کِردارمعین اختر۔۔۔۔فیچر
کِردار ہمیشہ زندہ رہتے ہیں
تحریر:رحمان محمود خان
جب روح قفسِ نفسی سے پرواز کرکے خالقِ حقیقی سے وصال پاتی ہے تو مٹی کا یہ کھلونا (جسم)خاک نشین ہو کر قدرت کے پردوں میں غائب ہو جاتاہے،جسم مَر جاتا ہے اور ارشادِباری تعالیٰ کے مطابق ہرنفس موت کا ذائقہ چکھتا ہے لیکن کردارہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ہر اچھے انسان کی خواہش ہوتی ہے کہ زندگی کی سٹیج پر کوئی اہم کردار اور عمدہ کرِدار ادا کرے اور اپنے فَن کو دوسروں تک پہنچائے۔کچھ ایسے انسان بھی قدرت نے اس روئے ارض پر متعارف کروائے جن میں فطرتاًپوشیدہ فَن کار ہوتا ہے اور ایسے انسان جب عروج کی منازل طے کرتے ہیں تو عروج کو بھی ان پر فخر ہوتا ہے اور ایسے کِردار جب زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں تو کئی دوسری زندگیاں بھی غمزدہ اور افسردہ ہو جاتی ہیں،ایسا ہی اِک کِردار تمغہ حسنِ کارکردگی،ستارہ امتیاز اور بے شمار پرائڈ آف پرفارمنس کا حامِل فَن کار ”معین اختر “ کے نام سے جانا اور خوب پہچانا جاتا تھا،جس کا بہترین ایوارڈ ان کے جنازے
میں شریک افرادکی شکل میں تھا۔
کون ہے جو تقدیر سے پوچھے کہ کیوں مر جاتے ہیں ایسے لوگ
جن کی باتیں ، جن کی یادیں بن جاتی ہیں دِل کا روگ
معین اخترجس کا کیرئیر تقریباً 44برس کی فَن کارانہ صلاحیتوں کا حامل تھا،اس تمام عرصے میں ایک بار بھی خزاںکا موسم نہ دیکھا،ہر بار اور ہر کِردار میں اپنے مداحوں کا دِل جیتا۔بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔6ستمبر1966ع کاوہ دِن جس روز معین اختر نے اپنے فَن کا آغاز کیا،یہ وہ پروگرام تھا جو جنگِ ستمبر1965عکے ایک سال مکمل ہونے پر یومِ دفاع کے موقع پر پیش کیا گیا،جِس میں معین اختر نے میزبانی کرتے ہوئے ایسی یادگار پرفارمنس دی جو مرتے دَم تک اس فَن کار کا خاصہ رہی۔اِس پرفارمنس کے بعد اردو زبان جاننے والا ہرشخص معین اخترکے نام سے واقف ہوتا چلا گیا،فن کی دنیا میں مزاح سے لے کرطَنز اورپیروڈی سے لے کر گائیکی تک معین اخترکی اداکاری اور صَدا کاری کے جوہردہائیوں تک ناظرین وحاضرین کومحظوظ 
کرتے رہے،معین اختر کی زندگی کا کچھ احوال گوش گزار ہے۔۔۔
معین اختر 24دسمبر 1950ع کو کراچی میں پیدا ہوئے تھے۔پاکستان ٹیلی ویژن کی تاریخ معین اخترکے بغیرنامکمل ہے،پاکستان میں ڈرامہ، اسٹیج اور مزاحیہ اداکاری کے بہت سے نئے پہلومعین اخترکی فَن کاری میں نمایاں ہوئے،بالخصوص انورمقصود اور بشریٰ انصاری کے ساتھ اشتراک میں کئی یادگارمثالی پروگرامز اورڈرامے کیے۔ فَن کاروں کی نئی نسل کے لیے معین اخترہمیشہ مشعلِ راہ ثابت ہوئے۔ معین اختربے مثال صلاحیتوں کے مالک تھے،انہیں انگریزی، بنگالی، سندھی، پنجابی، میمنی، پشتو، گجراتی سمیت متعدد زبانوں پرعبور حاصل تھا۔اُردوفَن کی دنیا میں معین اخترایک اَن مِٹ نام ہے۔معین اختر کو ٹی وی پر امیر امام نے اپنی سیریل "انتظار فرمایئے" کے ذریعہ متعارف کرایا جس میں ان کے کردار ”راجہ پہلوان“ کو بے پناہ شہرت ملی۔ معین اخترنے ”روزی کانسوانی کرداریادگاربنادیا،اس ڈرامے میں معین اختر نے دوشیزہ کاکردار بڑے کمال مہارت سے انجام دیا۔ڈرامہ سیریل سَچ مُچ میں ”سیٹھ منجور(منظور) دانہ والا“کا کِردار سراہا گیا۔اس کے علاوہ اسٹیج پر بے شمار ڈرامے کیے۔”بکرا قسطوں پر “اور ”بڈھا گھرپر ہے“ میں اپنے ساتھی اداکار عمر شریف کے ساتھ یادگار شوز کیے ۔اِس کے علاوہ متعدد شوز،اسٹوڈیوڈھائی، اسٹوڈیو پونے تین، اورلوز ٹاک جیسے شاندار مزاحیہ شوز بھی بہت پسند کےے گئے، ٹیلی ویژن سیریل روزی، مکان نمبر فورٹی سیون ،فیملی نائنٹی تھری،پائلٹ یعقوب،بھائی سموسہ کھائیے،ڈالرمین، لانگ پلے ”ہاف پلیٹ“، عید ٹرین، بندرروڈ سے کیماڑی، سَچ مُچ اورآنگن ٹیڑھا یادگار ڈرامے ہیں۔معین اختر نے انور مقصو د کے ساتھ مشہور مزاحیہ ٹاک شو ”لووز ٹاک “کی چارسو سے زائد اقساط میں مختلف گیٹ اَپ کیے۔اس پروگرام کو انور مقصو د نے ہی تحریر کیا جب کہ میزبان بھی انور مقصود ہی تھے۔معین اختر نے مختلف فَن کاروں کے ساتھ کام کیا مگر جو کیمسٹری اور ہم آہنگی اُن کی انور مقصو د اور بشریٰ انصاری کے ساتھ رہی وہ 
بےمثال ہے۔انورمقصود کی مزاحیہ تحریرکا خیال آتے ہی تصورمیں معین اخترکے مختلف بہروپ اُبھرتے ہیں ۔
معین اختر پاکستان کی شوبز کی وہ واحد شخصیت تھے جنھوںنے ایک ایسے شو کی میزبانی کے فرائض انجام دیے‘ جس میں بطور میزبان معین اختر نےعُمّان کے شاہ حسین اورگیمبیا کے وزیر اعظم داؤ ٰدی الجوزانے، صدرضیاالحق، وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو، جنرل یحیی خان اور غلام اسحاق خان جیسے سیاستدانوں کے انٹرویوز کیے۔
معین اختر ملک میں ہی نہیں بَل کہ بیرون ملک بھی اپنے فَن کا مظاہرہ کیا۔معین اختر کو”نقّالی“ میں خاص مہارت حاصل تھی،مشہور اداکاروں ،سیاست دانوں کی بڑی مہارت سے نقل کیا کرتے۔ پاکستان کے نامور اداکار اور لیجنڈ محمد علی،وحید مراد ،مہدی حسن اور احمد رشدی کے علاوہ دیگر اداکاروں کی”نقّالی“ بڑے خوبصورت انداز میں کرتے۔
معین اختر نے گلوکاری میں بھی اپنے فن کا لوہا منوایا،ان کے گانوں کا ایک البم ”تیرا دل بھی یوں ہی تڑپے “بھی ریلیز ہوا جس میں انہوں نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔معین اختر نے فلم ”تاج دار“ اور ”مسٹرکے ٹو“میں اپنے فَن کا مظاہرہ کیا۔
معین اخترکو ان خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے ”پرائڈ آف پرفارمنس “ اور”ستارہ امتیاز “سے نوازا گیا۔اس کے علاوہ دیگر ایوارڈز جنِ میں نگار ایوارڈ،کریٹک ایوارڈ،گرایجویٹ ایوارڈ،مصّوِر ایوارڈ،عوامی ایوارڈ اور پاکستان ٹیلی ویژن کی جانب سے چھے ایوارڈز سے نوازا گیا۔
معین اختر طویل عرصے سے دل کے عارضہ کو اپنے سینے میں چھپائے ہوئے تھے ،کچھ برس قبل اُن کا بائی پاس آپریشن بھی ہوا۔گزشتہ دِنوںسینے میں شدید درد کی شکایت پر انھیں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیوویسکولر ڈیزیز لایا گیالیکن وہ جان بَر نہ ہوسکے۔
معین اختر کروڑوں دلوں کی دھڑکن تھے وہ جہاں جاتے میلہ لگ جاتا۔معین اختر نے 61سالہ زندگی میں سے 45برس اپنے فن کی خدمت کرتے گزارے،شوبز کے تمام شعبوں ڈرامہ، اسٹیج ، فلم،گلوکاری اورکمپیئرنگ میں اپنا لوہا منوایا۔مزاح کی صنف کو سنجیدگی کا اسلوب بخشا، پیروڈی کرنے میں ان کووہ ملکہ حاصل تھا، جس کی کوئی فنکار تمنا ہی کرسکتا تھا۔ سنجیدہ اداکاری ہویاکامیڈی،انہوں نے جو کردار کیااس پر اپنی چھاپ لگاچھوڑی۔اُن کا نام ہی ڈراموں اور اسٹیج شوز کی کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتاتھا۔ وہ اپنی ذات میں ایک دَرس گاہ تھے، اِن جیسی شخصیات کے لیےشاعر نے کہا ہے کہ
ڈھونڈو گے اگر ملکوں ملکوں، ملنے کے نہیں نایاب ہیں ہم
 معین اختر کی بنیادی پہچان اور وجہ مقبولیت بھی ان کی منفرد کمپیئرنگ تھی۔ وہ بہت شائستہ انداز میں شگفتہ گفتگو کرتے تھے اور برجستگی سے بات کرتے تھے۔ ٹی وی پروڈیوسر قاسم جلالی کی سیریل ”یس سر نو سر“ سے بھی ان کی شہرت میں اضافہ ہوا۔ محسن علی اور سائرہ کاظمی کے ڈراموں اور سیریلز میں بھی معین اختر نے مختلف اور متاثرکن کردار ادا کیے۔ تاجدار عادل کے پروگرام” معین اخترشو“کی کمپیئرنگ بھی کی۔ تھیٹر میں بھی وہ اپنی بھر پور پرفارمنس سے شائقین سے داد وصول کرتے تھے۔اُن کا کامیاب ترین اسٹیج ڈرامہ"بچاؤ معین اختر" تھا ،اِس کے علاوہ بھی سید فرقان حیدر کے متعدد کھیل کیے۔ معین اختر نے اپنے 45سالہ فنی کیریئر میں بے شمارسٹیج ڈراموں کے علاوہ ٹی وی سیریل، ٹی وی شوز میں کام کیا۔ انہوں نے ریڈیو، اسٹیج، ٹی وی اور فلم سمیت تمام شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
اداکاری کے ساتھ ساتھ انہوں نے ہدایتکار اور پروڈیوسر کی حیثیت سے بھی کام کیا۔ انھوں نے متعدد ٹی وی ڈراموں کے علاوہ فلم کی ڈائریکشن بھی کی۔ ملک اور بیرون ملک ہونے والی تقریبات کے منتظمین کی خواہش پر معین اختر کمپیئرنگ کے لیےوہاں جاتے تھے۔ وہ لوگوں کے دلوں پر راج کرنے کا فَن جانتے تھے۔ برصغیر کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کی خواہش پر معین اختر کو اُن کی سالگرہ پر میزبانی کے لیے خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔عوام کے ساتھ ساتھ حکمرانوں میں یحییٰ خان، غلام اسحاق خان، ذوالفقار علی بھٹو، پرویز مشرف، نوازشریف، فنکاروں میں دلیپ کمار، راج ببر، انیل کپور، سلمیٰ آغا، لتا منگیشکر، دیو آنند اور دھرمیندر سمیت بڑی تعداد میں ملکی و غیر ملکی فنکار ان کے مداح تھے۔اُن کے انتقال پر ان کےشوبز کے کئی ساتھیوں نے دِلی افسوس کا اظہار کیا۔اداکارقوی خان نےانھیں لیجنڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اُن کا خلاءشاید کبھی پُرنہ ہوسکے۔
معین اخترکی ناگہانی موت پر صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے جب کہ پاکستانی فلم انڈسٹری ، ٹی وی اور سٹیج سوگ میں ڈوب گئے۔ مزاحیہ اداکار عمر شریف نے معین اختر کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ معین اختر جیسا اداکار دوبارہ پیدا نہیں ہوگا، ان کی وفات ناقابل برداشت خبر ہے، یقین نہیں آتا کہ وہ دنیا سے چل بسے۔ انھوں نے کہا کہ بے شمارفَن کاروں نے معین اختر کے سائے میں ترقی حاصل کی ، کامیڈی میں جتنی جدت معین اختر نے پیدا کی اتنی کوئی نہیں کرسکا۔
وزیراعظم نے اپنے تعزیتی پیغام میں مرحوم کے اہل خانہ سے ہمدردی اورتعزیت کااظہارکرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کے لیےدعا کی۔ انہوں نے کہاکہ معین اخترہمارے ملک کے ہمہ وقت ٹی وی آرٹسٹ تھے جنہوں نے اپنی اداکاری کے ذریعے جذبہ حب الوطنی کواجاگرکیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ معین اخترکے انتقال سے ملک ایک اعلیٰ پائے کے اداکارسے محروم ہوگیااوراُن کے انتقال سے پیداہونیوالاخلاءتادیر پرنہیں ہوسکے گا۔ ملک وقوم کے لیےاُن کی قابل قدرخدمات کو ہمیشہ یادرکھاجائیگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے تعزیتی بیان میں کہاکہ معین اختراپنی ذات میں انجمن تھے۔ انھوںنے کہا کہ معین اختربے پناہ صلاحیتوں کے مالک تھے۔ وہ اداکاری‘ کمپیئرنگ اور کامیڈی کے فَن میں یکتاتھے۔انھوں نے کہا کہ معین اخترکے انتقال سے وطن عزیز ایک مایہ نازفَن کارسے محروم ہوگیاہے۔متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے معین اخترکے انتقال پردلی صدمہ اورافسوس کااظہار کیا، ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ معین اختر ریڈیو‘ ٹی وی‘ فلم اوراسٹیج کی دنیاکابہت بڑانام تھے۔اُن کاانتقال نہ صرف پوری پاکستانی قومبَل کہ پوری دنیا میں فن کے مداحوں کے لیے ایک بہت بڑاسانحہ ہے۔معین اخترجیسے فَن کارتاریخ میں روزروزپیدانہیں ہوتے۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے معین اختر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ گورنر نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ معین اختر ایک نامور فَن کار تھے۔فَن کے شعبے خاص طور پر کامیڈی میں ان کے کردار کو بھلایا نہیں جاسکتا۔گورنر نے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کے لیے َصبرِ جمیل کی دعا کی۔ اداکاروں، سیاستدانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اُن کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔
معین اختر کے انتقال کی خبر شوبز میں بھی جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ علمی، سیاسی، ادبی حلقوں میں صدمہ کا اظہار کیا گیا۔فَن کار برادری اُن کے انتقال کی خبر سے سکتے میں آگئی۔
معین اختر ایک بہت نفیس اور ہمدرد انسان تھے۔ اُن کے ساتھ اداکاری کرنا ہر اداکار کی ہمیشہ خواہش رہی۔ یہ ایک ناقابلِ پرداشت صدمہ ہے ،ساری زندگی سب کو خوشیاں دینے اور ہنسانے والا رلا کر چلا گیا، وہ اپنے طرز کا بہت باصلاحیت فَن کار تھا۔ قاسم جلالی ، حیدر امام رضوی،اداکارہ بشریٰ انصاری،اداکار شہزاد رضا، محمد سجاد حیدر، گلوکار ارشد محمود،میوزک ڈائریکٹر محبوب اشرف اور آرگنائزر اختر سلطان، گلوکار سلیم شہزاد، سینئر صوبائی وزیر پیر مظہرالحق، صوبائی وزیر کھیل ڈاکٹر محمد علی شاہ، اصلاح الدین، سمیع اللہ، حنیف خان، حسن سردار، ایڈمنسٹریٹر صدر ٹاؤن مختار حسین، پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر اطہر جاوید صوفی، سیکریٹری عبدالوسیع قریشی اور دیگر عہدے داران نے بھی معین اختر کے انتقال پر شدید د کھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ ممبر سندھ کونسل پی پی پی سہیل سمیع دھلوی، میر ہزارخان بجارانی اور دیگر نے بھی معین اختر کیلئے دکھ کااظہار کیا۔ انجمن ترقی اردو پاکستان کے نائب معتمد اور دائرہ ادب و ثقافت کے چیئرمین پروفیسر اظفر رضوی، پاکستان آرٹس کونسل کے اعزازی سیکریٹری پروفیسر اعجاز احمد فاروقی، فلمساز و ہدایتکار جاوید شیخ،سید سلطان احمد، ایم نسیم، محمد حسیب خان، حاجی غلام محمد خان،عالمگیر شیخ، گل فراز، احمد خان، امین یوسف، سابق ایم پی اے عبدالقدوس اور دیگر نے بھی ان انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
معین اختر دنیا بھر کے اردو زبان سمجھنے والے افراد کو غمزدہ کر گئے ہیں ان کے قریبی ساتھی اور معروف اداکار بہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ اُن کے خاندان والوں کے لیے تو یہ بہت بڑا دکھ ہے اور یہ ہم سب ساتھیوں کے لیے بھی یہ بہت بڑا دکھ اور المیہ ہے۔ ہم نے بڑا وقت ساتھ گزارا ہے معین اختر بہت خاص شخصیت کے مالک تھے ، دعوتوں میں بہت کم جایا کرتے تھے ان کی اپنی دنیا اپنے کمرے اور کام کی حد تک تھی، وہ ضرورت مند افراد کی خصوصی اعانت کیا کرتے تھے ، بہت سے ساتھی فنکار اس بات کی تائید کریں گے۔
معین اختر کے انتقال پر بولی ووڈ کے معروف مزاحیہ اداکار جانی لیور کا کہنا تھا کہ تمام ہندوستانی فنکاروں کو اس خبر سے صدمہ پہنچا ہے سب کا خیال ہے کہ معین اختر بہت بڑے فَن کار تھے اور ایسے فَن کار بہت کم پیدا ہوتے ہیں یہ برسوں میں پیدا ہونے والے آرٹسٹ تھے یہ میرے لیےفخر کی بات ہے کہ میں معین اختر کو جانتا ہوں اور اپنے کیریئر کا آغاز ان سے متاثر ہو کر ہی کیا ، میرے لیے وہ بہت بڑے شخص ہیں خدا ان کو جنت نصیب کرے ان کا فَنکی دنیا میں بہت بڑا حصّہ ہے۔
معین اختر کے فنّی کیریئر کا مختصر جائزہ
: ٹیلیویژن سیریلز
روزی،ڈالر مین،مکان نمبر 47،ہاف پلیٹ،فیملی93،عید ٹرین،بندر روڈ سے کیماڑی،سَچ مُچ،آنگن ٹیڑھا
ٹیلیویژن شوز:
شوشا،شو ٹائم،سٹوڈیو ڈھائی،سٹوڈیو پونے تین،لوز ٹاک،معین اختر شو
گانے اور البم:
 تیرا دِل بھی یوں ہی تڑپے (البم:تیرا دِل بھی یوں ہی تڑپے)
چھوڑ کے جانے والے    (البم:تیرا دِل بھی یوں ہی تڑپے)
چوٹ جِگر پہ کھائی ہے    (البم:تیرا دِل بھی یوں ہی تڑپے)
رو رو کے دے رہا ہے    (البم:تیرا دِل بھی یوں ہی تڑپے)
دَرد ہی صِرف دِل کو ملا   (البم:تیرا دِل بھی یوں ہی تڑپے)
دِل رو رہا ہے         (البم:تیرا دِل بھی یوں ہی تڑپے)
ہوتے ہیں بے وَفا      (البم:تیرا دِل بھی یوں ہی تڑپے)
معین اختریقینا ایک بڑے اداکار اور صداکار تھے لیکن اس سے کہیں زیادہ وہ ایک اچھے انسان تھے۔ وہ جس شعبے سے وابستہ تھے وہاں انسانی خوبیاں برقرار رکھنا ایک مشکل کام ہے لیکن اپنی خوبیوں کے حوالے سے وہ اپنی زندگی میں بھی نیک نام تھے اور مرنے کے بعد بھی ہر زبان پر ان کا چرچا بھلائی کے ساتھ ہے۔
معین اختر کا جنازہ جنید جمشید پڑھتے ہویے
یہ ایک مسلمان کے لیے جنتی ہونے کی علامت ہے۔ بہت سے لوگ اس بات کے گواہ ہیں کہ وہ بڑی خاموشی کے ساتھ ضرور ت مندوں کی مدد کرتے تھے‘ پیسے سے بھی اور ذاتی تعلقات کے حوالے سے بھی۔ ان کے بارے میں عموماً یہ کہا جاتا تھا کہ وہ ایک مزاحیہ اداکار ہیں لیکن وہ ایک لیجنڈ اور منفرد اداکار تھے۔ انھوں نے تھیٹر‘ فلم‘ ٹی وی ہر جگہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا لیکن پھکڑپن اور ابتذال سے دور رہے ورنہ کامیڈین عموماً اِس عیب میں مبتلا ہیں۔معین اختر غمگین اور افسردہ لوگوں کے ہونٹوں پر مسکراہٹیں بکھیرتے رہے۔ اللہ ان کے نیک اعمال کو قبول کرے اوران کی خطاؤں سے درگزر فرمائے۔
ہزاروں سال نرگس اپنی بے نوری پر روتی ہے
بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا

تحریر: رحمان محمود خان
....٭٭٭....

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *