منگل، 1 نومبر، 2011

میاں صاحب جان دیو۔ ۔ ۔ رپورٹ

0 comments
سیاست ۔۔۔کالم
یکم نومبر2011عبروزمنگل
میاں صاحب جان دیو ہن ساڈی واری آن دیو
رپورٹ: رحمان محمودخان

عمران خان کا مینارِپاکستان میں جلسہءعام سےخطاب
عمران خان نے سول نافرمانی کی دھمکی دیدی‘نواز،زرداری اب تبدیلی نہیں روک سکتے، عمران خان

پولیس کو غیر سیاسی کرنے کے بعد تھانیدار کا الیکشن ہوا کرے گا جب تھانیدار منتخب ہو کر آئے گا تو وہ عوام پر ظلم نہیں کرسکے گا،ہم نے اپنے گاؤں کے لوگوں کو بھی آزاد کرنا ہے۔بلدیاتی نظام لے کر آئیں گے۔گاؤں کی سطح پر لوگوں کو مفت انصاف دلا کر دکھائیں گے۔ ہم بلدیاتی پنچائتوں کے تحت ہیلتھ یونٹ اور پرائمری سکول بنائیں گے ۔
لاہور میں تحریک انصاف کے زیراہتمام مینار پاکستان کی گراؤنڈ میں پُرہجوم جلسہ ہوا جس میں عوام اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جن کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ جلسہ میں خواتین، نوجوانوں اور بچوں کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی جنھوں نے پرجوش نعرے لگائے۔ دیگر چھوٹے بڑے شہروں اور صوبوں سے بھی کارکنوں نے شرکت کی۔ جلسہ گاہ میں ہر طرف تحریک انصاف کے جھنڈے نظر آرہے تھے، قومی ترانے بجائے جا رہے تھے۔ گراؤنڈ میں تین بڑی سکرینیں لگائی گئی تھیں۔ تحریک انصاف نے مسلم لیگ (ن) کے گڑھ لاہور میں طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ پنڈال میں موجود لوگ مختلف نعرے لگاتے رہے۔اس موقع پر ڈاکٹر عارف علوی‘ میاں محمد اظہر‘ حامد خان‘ ایڈمرل (ر) جاوید اقبال‘ اعجاز چودھری‘ مجیب ہارون‘ نذر بلوچ‘ احسن رشید‘ میاں محمود الرشید‘ ڈاکٹر یاسمین راشد‘ قاسم سوری‘ نعیم الحق‘ سلونی بخاری‘ فرخ حبیب و دیگر نے خطاب کیا۔مقررین کے خطاب کے دوران پاکستان کے مقبول گلوکاروں اور مشہور میوزک بینڈز نے اپنے اپنے انقلابی گیت گا کرحاضرین بالخصوص نوجوانوں کے دِلوں کو گرما دیا۔جلسہ عام میں لوگوںبالخصوص نوجوانوںکی کثیرتعداد نے شرکت کی اور 4سال کی عمر سے لے کر 40سال تک کے لوگوں کی شرکت قابلِ ستایش تھی،40سال سے بڑی عمر کے لوگوں کی تعداد تقریباً نہ ہونے کے برابر تھی۔جس سے اندازہ لگانا چنداں مشکل نہیں کہ پاکستان تحریکِ انصاف نوجوانوں کی مقبول سیاسی جماعت بَن گئی ہے۔
 جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر حامد خان نے کہا کہ پاکستان میں تبدیلی آنے والی ہے ہم عمران خان کی قیادت میں چوروں، ٹھگوں سے ملک کو نجات دلا دیں گے۔ ہر منصب پر جعلساز بیٹھا ہے کہیں جعلی وصیت والے اور کہیں جعلی ڈگریوں والے۔ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ تحریک انصاف ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنائے گی۔اگر عمران خان جلسے کے شرکاءکو گورنر ہاوس، وزیراعلیٰ ہاؤس کی طرف لے جائیں تو حکومت گر جائے گی۔ تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر اعجاز چودھری نے کہاکہ لاہور پاکستان کا دل ہے جو پوری صحت مندی سے دھڑک رہا ہے۔ انتخابات سے پہلے انقلاب برپا ہو چکا ہے۔ ظالموں ڈاکوؤں سے اقتدار چھیننا ہے، چھین لو چھین لو اقتدار چھین لوکے جملے پر حاضرین نے عمران خان ،عمران خان کے نعرے لگائے۔ پاکستان کی ساری دولت کو لائے گا تو شرکاءنے جواب دیا عمران خان۔ مرکزی نائب صدر ایڈمرل (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ پاکستان کو فقیرستان بنا دیا گیا ہے، ڈالروں کی خاطر ملک کو بیچ دیا گیا، روزانہ خودکشیاں ہورہی ہیں، قائدنے جو خواب دیکھا تھا ان کی تعبیر عمران خان کریں گے۔ مرکزی نائب صدر مجیب ہارون نے کہاکہ انقلاب پیدا ہو چکا ہے۔ مرکزی جوائنٹ سیکرٹری نذر بلوچ نے کہاکہ لاہور کے لوگوں کے ٹھاٹھیں مارتے سمندر سے ہمیں حوصلہ ملا ہے۔ تحریک انصاف پنجاب کے صدر احسن رشید نے کہاکہ پنجاب برصغیر کو اناج دیتا ہے آج مائیں خودکشی کر رہی ہیں، پنجاب کو یہ صورتحال قبول نہیں اور پنجاب اب تبدیلی چاہتا ہے۔ تحریک انصاف لاہور ریجن کے صدر میاں محمود الرشید نے کہا کہ جلسہ عام میں پانچ لاکھ لوگوں نے شرکت کی۔ تخت لاہور پرویز رشید کے آقاؤں نہیں عمران خان کا ہے۔ زرداری، شریفوں اور چودھریوں پر مینار پاکستان پر عوام نے عدم اعتماد کر دیا جو ان سب سے استعفوں کا مطالبہ کرتے ہیں۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما میاں اظہر نے کہا کہ 15برس ہوئے تحریک انصاف کی بنیاد رکھی گئی آج یہ عروج پر پہنچ چکی ہے۔ آج لاہور جاگ اٹھا ہے اور پھر سیاسی تبدیلی آتی ہے۔ یہ تبدیلی نوشتہ دیوار ہے۔ لاہورئیے کسی کے زرخرید غلام نہیں، لاہورئیے آئندہ برسوں میں سیاسی تاریخ پلٹ کر رکھ دیں گے۔ عمران خان اندھیرے میں روشنی کی کرن بن کر ابھرے ہیں اور وہ عوام کے تمام مسائل حل کرے گا۔ تحریک انصاف شعبہ خواتین کی صدر فوزیہ قصوری نے کہا کہ پاکستان میں گلوکار اور اداکار بہت ہیں مگر لیڈر صرف عمران خان ہیں۔ تحریک انصاف شعبہ خواتین پنجاب کی صدر سلونی بخاری نے کہا کہ آج عوام نے بتا دیا کہ پاکستان زرداری کا ہے نہ نوازشریف کا بلکہ یہ پاکستانیوں کا ہے۔آپ کو رحمن ملک، شہباز شریف یا نوازشریف چاہیے تو شرکائے جلسہ نے یک زبان ہو کر کہا کہ نہیں۔ ہم سب اسلام آباد جائیں گے اور حکمرانوں کو ہٹائیں گے۔ تحریک انصاف پنجاب کی جنرل سیکرٹری یاسمین راشد نے کہا کہ میں خدا کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے۔ شریف برادران اور آصف زرداری خود دیکھ لیں کہ آج پاکستان کا سارا نوجوان عمران خان کے ساتھ ہے۔ صوبائی صدر خیبر پی کے اسد قیصر نے کہا کہ عمران خان کو یہ عظیم الشان جلسہ مبارک ہو۔ تحریک انصاف بلوچستان کے صدر قاسم سوری نے کہا کہ زندہ دلان لاہور کو مبارکباد دیتا ہوں یہ عمران کا شہر ہے کاغذی شیروں کا نہیں۔ تحریک انصاف سندھ کے صدر نعیم الحق نے کہاکہ ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ملک سے غربت کی لعنت کو ختم کر دیں گے۔ تحریک انصاف کے رہنما ظہیر عباس نے کہا کہ یہ وہ تاریخی اور مقدس مقام ہے جہاں قائداعظمؒ نے قرارداد پاکستان منظور کی تھی۔ لاہور کے حکمرانوں کو بتانا چاہتا ہوں۔ رانا ثنااللہ، صدیق الفاروق جسے گیند بلے کی سیاست کہتے ہیں وہ دیکھ لیں کہ تمہارے لیڈر اکبر اعظم ہیں تو عمران خان شیر شاہ سوری ہے۔ تمہارے قائد کے اثاثے باہر اور میرے قائد کے ملک میں ہیں۔ استعفٰی دیدو یہ جلسہ تم پر عدم اعتماد ہے۔ ڈاکٹر مراد جنرل سیکرٹری لاہور نے کہا یہ وہی مقام ہے جہاں 71 برس قبل پاکستان کا خواب دیکھا گیا تھا۔ آج عمران خان کی سرپرستی میں ہم نے پاکستان کو بچانا ہے۔ صدر آئی ایس ایف پنجاب فرح حبیب نے کہا ہمیں مجبور کیا گیا یہاں آنے پر۔ آج انقلاب برپا کرنے کا دن ہے آئیں ہاتھ اٹھا کر عہد کریں کہ آپ اس ملک کے حقیقی پاسبان ہیں اور اس ارض کی حفاظت کریں گے۔ آپ حقیقی معنوں میں پاکستان کا مستقبل ہیں۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق تحریک انصاف کے ضلعی راہنما رانا نعیم الرحمن خاں نے مینار پاکستان لاہور میں جلسہ عام کیلیے قافلہ کی روانگی کے وقت کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد انقلاب کی سوچ کو سلام کرتے ہیں۔ ضلعی سیکرٹری جنرل انجم اقبال وڑائچ، شیخ نعیم احمد ہاشمی، فرید اقبال اعوان، صدر تحصیل نوشہرہ ورکاں چودھری اکرام الحق گوہیر، آرگنائزر حلقہ پی پی 92 ڈاکٹر جمشید اقبال، آرگنائزر حلقہ پی پی 99 چودھری ریاست علی کمبوہ، آرگنائزر حلقہ پی پی 101 خالد نذیر مصطفائی، آرگنائزر حلقہ پی پی 102 جاوید جالب ایڈووکیٹ، ظہیر احمد ضیاءایڈووکیٹ، عطاءالحق بھٹی، ملک محمد حسین، سیٹلائٹ ٹاؤن سے میاں عامر، شہزاد احمد چیمہ، عمران بیگ، بشارت اعوان، شیخ ارشاد احمد ہاشمی، ریحان شاہ، پرنس محمد افضل، رانا شعیب، رانا نعیم اکبر، میاں جاوید، ملک رمضان، چودھری ریاست بسرائ، حامد قمر، راجہ ذوالفقار، مون مرزا، سیٹھ لقمان، رانا معاذ و دیگر نے شرکت کی۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق جلسہ کے لیے شیخوپورہ سے متعدد قافلے روانہ ہوئے، بڑے قافلہ کی قیادت ضلعی صدر ڈاکٹر اشرف گھمن جنرل سیکرٹری منظور آصف روک، شاہ نواز، انیس ریاست ورک یوتھ ونگ کے ضلعی صدر وسیم باری، حافظ مدثر مصطفی نے کی، فاروق آباد سے چودھری شفقت علی گجر اور چودھری مزمل علی گجر کی قیادت میں 200گاڑیوں کا قافلہ لاہور گیا ان کے ساتھ تنویر بھٹی، ذوالفقار، اسد کھرل، رائے شہزاد چودھری محمد وارث، چودھری طاہر سعید، عباس علی چدھڑ، ملک عصمت شامل تھے۔ لیبر ونگ کے رہنما راشد منیر سابق رئیس بلدیہ میاں شفیق اشرفی، نوید حسین واہلہ، سجاد حیدر رندھاوا اور چودھری مسعود آفتاب بسرا،زوار حسین گھمن کی طرف سے قافلے لاہور گئے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان گزشتہ روز مینار پاکستان پر پاکستان تحریک انصاف کے بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 180اَرب ٹن کوئلہ ہے۔ ایران،عراق اور سعودی عرب سے زیادہ بجلی ہے‘ پاکستان میں 60 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہو سکتی ہے‘ اتنی بجلی پاکستان میں نہیں بنائی جائیگی کیونکہ اس میں کمیشن نہیں ملے گا‘ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے‘ کرپشن کی وجہ سے ملک کو 3 ہزار ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ یہ کرپشن تحریک انصاف ختم کریگی‘ تحریک انصاف کرپشن اور ٹیکس چوری ختم کرکے دکھائے گی۔ قانون بنائیں گے کہ اثاثے ظاہر کیے بغیر کوئی سیاست نہیں کر سکتا‘ جس دن اثاثے ظاہر کیے جائیں گے دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائیگا‘ ہم نے 15 سال کوشش کی کہ ملک میں تبدیلی آئے اور دو جماعتوں کی پارٹنرشپ توڑ دیں آج اللہ نے ہماری آواز سن لی ہے۔ نوجوانو میری بہنوں تحریک انصاف کے کارکنوں‘ آئی ایس ایف اور یوتھ پیپلز پارٹی اور نواز شریف کے جو کارکن یہاں ہیں انہیں بھی مبارکباد دیتا ہوں کہ آپ نے اپنا قبلہ درست کر لیا‘ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں ٹیکسی ڈرائیوروں’ ریڑھی بانوں ‘ تانگے والوں ‘ مزدوروں ‘ کسانوں ‘ سرکاری مزدوروں جو چھپ چھپ کر آئے ہیں ‘ پولیس والوں ‘ اپنی ماں بہنوں ‘ بزرگوں ‘نوجوانوں اور خصوصاً میڈیا والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں او رسب سے زیادہ خراج تحسین میڈیا کو دینا چاہتا ہوں کہ آپ نے پاکستانیوں کو جگا دیا‘ لاہوریوں کو جگا دیا‘ جدھر آج ہم کھڑے ہیں ہم یہاں سے نئے پاکستان کا آغاز کر رہے ہیں۔ پاکستان کا ایک ہی سب سے بڑا لیڈر تھا وہ حضرت قائداعظمؒ تھے انہوں نے 1940ءمیں یہاں سے ہی تحریک پاکستان کا آغاز کیا‘ پھر میرے نظریاتی لیڈر علامہ اقبالؒ کا بھی یہی کہنا تھا کہ لاہور کو جیتنا بہت ضروری ہے کامیابی کے لیے حضرت داتا گنج بخشؒ کو کیسے بھول سکتا ہوں۔ وہ افغانستان بیٹھے تھے کہ اللہ نے انہیں لاہور پہنچنے کے لیے کہا اور یہاں سے اسلام کا پرچم بلند کرایا۔ اب نواز شریف اور زرداری اس طوفان کو نہیں روک سکتے۔ رائے ونڈ والوں اور اسلام آباد والوں سن لو یہ سیلاب نہیں سونامی آ رہی ہے جو اس کے سامنے کھڑا ہوا وہ بہہ جائے گا۔ پاکستان کے نوجوانوں کو پارٹنر شپ توڑنی آتی ہے ایک ان سوئنگر آنے والا ہے یہ پہلا گیند ہو گا جو دونوں بیٹسمینوں کی وکٹیں اڑا دے گا۔ آصف زرداری تم نے بھٹو کا نام استعمال کرکے کتنا ظلم کیا کہاں ذوالفقار علی بھٹو اور کہاں زرداری‘ بھٹو نیشنلسٹ تھا وہ امپیریلزم (سرمایہ دارانہ نظام)کے خلاف تھا اس نے روٹی کپڑا مکان کا نعرہ دیا زرداری تم نے کمال کر دیا روٹی کپڑا تو بعد کی بات ہے آپ نے تو16000 لوگوں کو خودکشی پر مجبور کر دیا۔ امریکہ میں بیٹھے پاکستانی سفیر کو جو درحقیقت امریکی سفیر ہی ہے کو خط دیا گیا کہ امریکیوں سے کہو مجھے پاکستانی فوج سے بچا لو میں آپ کی خدمت اچھی طرح نہیں کر سکتا میں اپنے جنرل لے آؤں گا اور آپ کے جوتے پالش کروں گا انہوں نے کہا کہ میاں صاحب پہلے خدا کے واسطہ یہ بتاو پرسوں تم نے یہ کیا پٹواریوں کا جلسہ کیا اگر جلسہ کرنا تھا تو شیری دکھانی تھی یہ گیدڑوں کا کیا جلسہ کیا۔ آپ مچھروں کا تو مقابلہ نہیں کر سکتے‘ زرداری کا کیا مقابلہ کریں گے۔ شہروں میں لوڈشیڈنگ کے باعث نوجوان پڑھ نہیں سکتے فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں ملک تیزی سے اندھیرے کی طرف جا رہا ہے‘ تحریک انصاف برسراقتدار آ کر سب سے پہلے واپڈا کے تمام جنریشن پلانٹ جو 25 فیصد چل رہے ہیں انہیں 70 فیصد تک پہنچا دیں گے ہمیں لوڈشیڈنگ نہیں کرنا پڑے گی۔ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے اس کی وجہ سے آج ہم امریکہ کی غلامی کر رہے ہیں‘ ٹیکس چوری اور کرپشن سے پاکستان کو ہر سال 3000 ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے یہ چوری ہم ختم کریں گے۔ ہم ان سے پوچھیں گے کہ آپ ارب پتی کیسے بن گئے۔ ایک وزیر کہتا ہے مجھے نہیں معلوم کہ میرے اکاؤنٹ میں 4 کروڑ روپیہ کہاں سے آ گیا۔ سیا ستدانوں کا پیسہ بیرون ملک کیوں پڑا ہے۔ زرداری تو کبھی کبھی پاکستان کا دورہ کرتے ہیں ہم انشاءاللہ تمام ٹیکس جمع کرکے دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا مقابلہ نہ سب سے بڑی بیماری زرداری کر سکتا ہے اور نہ ہی رائیونڈ کا سرکس کا شیر۔انہوں نے کہا کہ ہم کرپشن کا خاتمہ کرکے دکھائیں گے ہم تمام بڑے بڑے مگرمچھوں کو کٹہرے میں لائیں گے۔ سوئس بنکوں میں پاکستانیوں کا 100 ارب ڈالر پڑا ہے۔ پاکستان کے ذمہ غیر ملکی قرضہ 60 ارب ڈالر ہے۔ انشاءاللہ ہم یہ پیسہ واپس لا کر دکھائیں گے۔ جہاں پٹواری ہوں گے وہاں قبضہ گروپ ہوں گے موجودہ اسمبلیاں قبضہ گروپوں سے بھری پڑی ہیں۔ہم پٹواری نظام ختم کرکے زمینوں کو کمپیوٹرائزڈ کریں گے، ہم تھانہ کلچر بدلنا ہے پولیس کوغیر سیاسی بنانا‘جب سیاسی جماعتیں اپنے کارکنوں‘ دہشت گردوں‘ چوروں اور ڈاکوؤں کو پولیس میں بھرتی کراتی ہیں تو امن کیسے ہو گا۔ پولیس کو غیر سیاسی کرنے کے بعد تھانیدار کا الیکشن ہوا کرے گا جب تھانیدار منتخب ہو کر آئے گا تو وہ عوام پر ظلم نہیں کر سکے گا ہم نے اپنے گاؤں کے لوگوں کو بھی آزاد کرنا ہے۔ بلدیاتی نظام لے کر آئیں گے۔ گاؤں کی سطح پر لوگوں کو مفت انصاف دلا کر دکھائیں گے۔ ہم بلدیاتی پنچائتوں کے تحت ہیلتھ یونٹ اور پرائمری سکول بنائیں گے یہ نہیں کہ وہ بے چارے بھاگتے آئیں ”خادم اعلی“ کے پاس اور چکر لگانے پڑتے ہیں لیکن ہم آ کر ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچی بھائیوں پر بہت ظلم ہوا ہے ہم انہیں اپنے ساتھ ملائیں گے بلوچی بھائیوں کو اپنا بھائی بنائیں گے‘ پاکستان میں آپ کو وہ سٹیٹس دیں گے جو آج تک آپ کو کسی نے نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ میاں صاحب جان دیو ہن ساڈی واری آن دیو۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مزید کہا کہ بلوچستان وہ علاقہ ہے جہاں 260ارب ڈالر کے تانبے کے ذخائر موجود ہیں،وہاں سوئی گیس کے ایک اورزین گیس ملی ہے جو انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بلوچی بھائیوں کے ساتھ ظلم کیا گیا ‘ تحریک انصاف بلوچی بھائیوں کو یقین دلاتی ہے انکو ساتھ ملائیں گے اور ان سے بات چیت کریں گے۔وہاں ملٹری آپریشن اور ٹارگٹ کلنگ کو ختم کریں گے اور انہیں اپنا بھائی بنائیں گے۔ بلوچی بھائیوں کو وہ عزت دیں گے جو انہیں ابھی تک کسی نے نہیں دی۔ دہشتگردی کے خلاف امریکہ کی جنگ ہماری نہیں بلکہ ہمارے حکمرانوں نے ڈالروں کے لیے اسے اپنایا ہے میں ایسی جنگ پر لعنت بھیجتا ہوں ‘ حکمرانوںکو اس پر شرم آنی چاہیے کہ انہوںنے اپنے لوگوں کا خون بیجا ہم تمام ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔ حکمرانوں نے 35ہزار پاکستانیوں کو صرف ڈالروں کے لیے مروا دیا جس میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں جو بچے ہیں انکے بازو ور ٹانگیں نہیں ہم ڈالروں کی پوجا کرنے والوںکا احتساب کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی علاقوں کے معززین نے کہا ہے کہ ملٹری آپریشن سے دہشتگردی ختم نہیں بڑھ رہی ہے ہم امن کو موقع دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستانی قبائلی علاقوں سے فوج نکلے تو وہ خود دہشتگردی کو ختم کر دیں گے۔ قبائلی علاقوں میں 10 لاکھ مسلح لوگ ہیں جو ہمارے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ہم ڈائیلاگ کا راستہ اپنائیں گے اور انہیں ساتھ ملا کر چلیں گے۔،ہم افغانستان سے نکلنے میں تمہاری مدد کرین گے لیکن تمہارے کہنے پر ملٹری آپریشن نہیں کریں گے ‘ پاکستان کی فوج کبھی اپنی عوام کے خلاف استعمال نہیں ہوگی ‘پاکستان کبھی بھیک نہیں مانگے گا ‘بتایا جائے کہ کیاقائد اعظم محمد علی جنا ح بھیک مانگ سکتے تھے عمران خان بھی مر جائے گا لیکن بھیک نہیں مانگے گا بلکہ اپنے لوگوں کو اپنے پاں پر کھڑا کریں گے ‘ بھکاریوں کی دنیا میں کوئی عزت نہیں ہوتی ‘ بھیک مانگنے کی وجہ سے لائن میں جھک کر کھڑا ہونا پڑتا ہے۔جب ہم بھیک مانگتے ہےں تو چاچی کلنٹن یہاں دھمکیاں دیتی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کے ہرے پاسپورٹ کی دنیا مےں عزت بحال کرائیں گے،کرپشن ختم کر کے آزاد عدالتیں بنا کر انشاءاللہ یہاں اتنی سرمایہ کاری آئے گی کہ پاکستانی ڈالروں کی اپنے وطن پر بارش کر دیں گے میری اللہ سے دعا ہے کہ پاکستان کو ایسا ملک بنا جہاں دنیا بھر سے لوگ ملازمتیں تلاش کرنے کے لیے آئیں، مےں اپنے تمام مزدوروں کو پیغام دیتا ہوں کہ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے ہم آپ کو آپ کے حقوق دلائیں گے۔ ہم خواتین کی تعلیم کے لیے ایمرجنسی ڈیکلیئر کریں گے‘ عیسائی اور تمام اقلیتیں بھی آزاد ہوں گی، ان پر کوئی زیادتی نہیں کر سکے گا۔ میں بھارت کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اس نے جو کشمیر میں 7 لاکھ فوج رکھی ہوئی ہے فوج کے ذریعہ کسی کو نہیں دبایا جاسکتا۔ جب امریکہ فوج کے ذریعہ کسی کو غلام نہیں رکھ سکا تو یہ کیسے کامیاب ہو سکتے ہےں، تحریک انصاف کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہوگی اور انہیں ان کے حقوق دلائے گی۔ ہم چین سے دوستی بڑھائیں گے، ان کی مدد لیں گے۔ عمران خان نے تمام ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا آپ کو اب کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری مےں آپ کی حکومت کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ چند ماہ کے اندر اثاثے ڈیکلیئر کر دیں۔انہوں نے کہا کہ اثاثے ڈیکلیئر نہ کرنے والوں کے خلاف اور آزاد الیکشن کمشن کے قیام کے لیے سپریم کورٹ میں جائیں گے۔ وہ ہم تمام سیاستدانوں کے اثاثوں کی خود تفتیش کریں گے، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مستقبل کیلیے پروگرام دیتے ہوئے واضح اعلان کیا ہے کہ اگر حکمرانوں اور سیاستدانوںنے اپنے اثاثے ظاہر نہ کیے تو سول نافرمانی کی تحریک شروع کر دیں گے اور تمام شہر بند کردیں گے ‘تحریک انصاف کے چیئرمین نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ گاوں کی سطح پر لوگوں کے لیے پنچائتی نظام لایا جائے گا اور انہیں ان کی دہلیز پر انصاف دیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا مینارِ پاکستان میں جلسہ اور زندہ دلانِ لاہور کی آمد یہ ثابت کرتی ہے عوام باشعور ہیں اور اُن کو متبادل قیادت کی اَشد ضرورت ہے لیکن یہ جلسہ قیادت کی تبدیلی کی طرف ایک قَدم ہے نہ کہ نظام کی، نظام کی تبدیلی کے لیے پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنان اور نوجوانوں کو عمران خان کا ساتھ دینا پڑے گا۔جب کہ عمران خان کو ہر قسم کا دباؤبالاے طاق رکھ کراس جلسے میں دیے گئے منشور پر عَمل پیرا ہونے کے ایڑی چوٹی کا زور لگاناچاہیے اور مفاہمت کے نام پر کی جانے والی سیاست کے چُنگل سے بچناچاہیے کیونکہ سیاست میں دَشمن کا دُشمن دوست ہوتا ہے۔
....٭٭٭....

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *