ہفتہ، 8 مارچ، 2008

اندرونی اور بیرونی خلفشاریاں

0 comments

اندرونی اور بیرونی خلفشاریاں
رحمان محمود خان

پچھلے ایک ڈیڑھ سال سے پاکستان اور پاکستانی عوام کو جس طرح "جلتی ہوئی ٹھنڈی آگ " میں جھونکا جا رہا ہے اس کا اندازہ پاکستان کی بھولی عوام کو نہ سہی لیکن سیاستدانوں اور حکمرانوں کو ضرور ہوچکاہے۔ملک جن مسائل سے دوچار ہے اور مزید جن گھمبیر مسائل میں گرفتار ہوتا جارہا ہے،اس تمام کیےدھرے میں اندرونی اور بیرونی قوّتیں کارفرما ہیں۔یہ طاقتیں پاکستان پر ایک ایسی جنگ مسّلط کروا رہی ہیں جس کا انجام نہایت بھیانک اور "سَرد ہولناکی" کے علاوہ کچھ نہیں!یہ "سَرد ہولناکی" کیا ہے؟ہماری غریب عوام جو بھوک ، ننگ اور اَفلاس کی طرف تیزی سے گامزن ہے'میں چند لوگ ایسے ہوں گے جو ملکی سیاست اور اندرونی وبیرونی خلفشاریوں پر نظر رکھے ہوئے ہوں گے جب کہ باقی ماندہ طبقہ تو علی ا لصبح کام پر نکلتے ہیں اور رات ڈھلے جب گھر لوٹتے ہیں تو ان کے پاس اتنا وقت نہیں ہوتا کہ سوچ سکیں ،کسی بحث مباحثہ میں حصّہ لے سکیں یا پھر تجزیہ کرسکیں۔عوام کی توجّہ تقسیم کرنے کی خاطر ملک پر بے شمار ایشوز تھوپ دیے گئے ہیں۔ہماری غریب عوام کی توجّہ اِن ایشوز کی طرف ایسی مبذول ہوئی ہے کہ وہ اپنے دیرینہ مسائل( جو اِن کو "سیاسی ورثہ" میں ملتے چلے آرہے ہیں)کی طرف سے دھیان ہٹ گیا ہے۔پاکستان جو 1947عسے ہی نازک موڑ پر چل رہا ہے،اب خانہ جنگی کی طرف رخ کر رہا ہے۔یہ اندرونی و بیرونی طاقتیں ملک میں انتشار اور خانہ جنگی کی جو کیفیات پیدا کر رہی ہیں اس سے سیاستدانوں اور حکمرانوں نے نہیں بَل کہ صرف پاکستان کا محنت کش اورغریب طبقہ ہی نبردآزما ہوگا۔کیوں کہ یہ سَرد ہولناکی ملک کو دیمک کی طرح ' چٹم ' کر رہی ہے۔
18فروری کے انتخابات کے بعدنئی حکومت نے جو 100دن کا پیکج دیا اس کے پورا ہونے کے بعد بے شما رلکھا اور کہا جا چکا ہے،صرف یہی اِک حقیقت ہے کہ ان 100دنوں میں حکمرانوں نے عوام کے گرد مہنگائی کے پھندے کو مزید تنگ کیا ہے اور غربت کے مکمل 'خاتمے' کا وعدہ پورا کرنے کی طرف پیش رفت کرہے ہیں۔یہ حکومت نہ 60معزول ججز کوبحال کروا سکی ہے اور نہ صدر کا مواخذہ کر سکی ہے،یہ حکومت نہ بے نظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات کرواسکی ہے اور نہ ڈاکٹر عبدالقدیر کی نظر بندی ختم کروا سکی ہے،زرداری حکومت نہ ان بے گناہوں کو بازیاب کروا سکی ہے اور نہ ہی مہنگائی کا اژدھا قابو کرسکی ہے۔یہ تمام اس موجودہ حکومت کے وعدے بے مِثل تھے۔حکمران صرف اور صرف ہجوم میں دعوے ہی کر سکتے ہیں اور کچھ نہیں!جب کہ ہماری بھولی عوام ابھی بھی یہ سمجھتے ہیں کہ ان آزمائے ہوئے لوگوں ہی میں سے کوئی آئے گا اور الٰہ دین کے چراغ سے ان کے دکھوں کا مداوا کرے گالیکن ہمارے سیاستدان ''یہ کریں گے 'وہ کریں گے'' کے راگ آلاپ رہےہیں مگر میرے بزرگ اور ریٹائر سیاستدانوں یہ وقت بلند و بانگ دعووں کا نہیں بلکہ عملی کام کرنے کا ہے۔
میں یہ کہنے میں کوئی عار محسوس نہیں کروں گا کہ نیٹو فورسز پاک افغان سرحد پر جو نایاب خون کی ہولی کھیلنے میں مصروفِ عمل ہے' اس میں کسی اور کا نہیں بل کہ صِرف پاکستان کا ایسا نقصان ہے کہ ہماری عوام چاہتے ہوئے بھی اس جنگ سے بیس تیس سال تک نہیں نکل سکتے۔اس حقیقت کا ادراک عوام کو نہ سہی مگر سیاستدانوں ،حکمرانوں،بیوروکریٹس اور اربابِ اختیارکو ضرور ہے۔مگر یہ لوگ پھر بھی امریکیوں اور اس کے اتحادیوں کو مسلسل کہہ رہے ہیں کہ ''لگے رہو منّا بھائی''۔
میں قارئین کو یہ باور کرانا چاہتا ہوں کہ پاکستان اور پاکستانی قوم کچھ عرصے میں اس سَرد ہولناکی سے نکل کر خانہ جنگی کی طرف گامزن ہیں۔اگر اس بیماری کا علاج نہ کیا گیاتو یہ مرض ناسور بن کر وطن ِعزیز کی رگ و پہ میں سرایت کر جائے گا۔اس لیے ابھی بھی جاگنے کا وقت ہے،جاگ جاؤ!ورنہ آئندہ آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔
پاکستان اِس وقت جن گھمبیر مسائل سے دوچار ہے'ان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی ،صحت کی سہولتوں کا فقدان ، پٹرولیم مصنوعات میں روز بروز اضافہ ، بے روز گاری ، لوڈ شیڈنگ ، بجلی، پانی اور گیس کی عَدم فراہمی ، صنعتوں اور کارخانوں کی ہڑتالیں وغیرہ وغیرہ۔اس کے علاوہ پاکستانی فوج ، کا افغان بارڈر اور شمالی و قبائلی علاقہ جات میں اپنے ہی لوگوں کے خلاف آپریشن سرِفہرست ہیں۔جب کہ دوسری طرف اندرونی و بیرونی خلفشاریوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھارتی فوج نے بھی ہلکا پھلکا "مشقی محاذ" کھول لیا ہے،اس کے علاوہ بھارت نے پاکستانی معیشت کو مزید نقصان پہنچانے اور دِگرگوں حالات پیدا کرنے کے لیے پاکستانی پانیوں پر56نئے ڈیم بنانے کا ایک منصوبہ تشکیل دیا ہے۔تھوڑا سا مزید آگے بڑھیں تو پاکستان کے دو اہم صوبے سرحد اور بلوچستان مسلسل حالتِ جنگ میں مبتلا ہیں۔
افواجِ پاکستان، جن کو عوام اپنے سر آنکھوں پر بٹھاتی تھی،جن کی بلائیں لیناغریب لوگ اپنا نصب العین سمجھتے تھے۔آج ان ہی کے ذریعے امریکی امداد کو "دہشت گردی کے خلاف جنگ" کے نام پر استعمال کیا جارہا ہے اور اپنے ہی لوگوں کو مروایا جا رہا ہے۔پاکستان کے نام نہاد سیاستدانوں اور آمریت پسند حکمرانوں نے یہ تمام کام امریکہ اور اُس کے حواریوں کو خوش کرنے کے لیے کر تو دیےہیں لیکن اِن تمام معاملات کا موازنہ کریں تو کیا یہ سب کچھ صوبائیت پرستی کی جنگ نہیں بنتی جا رہی؟عوام میں صبر و برداشت کا مادہ ختم ہوتا جارہا ہے۔جب عوام کی بنیادی ضروریات ہی پوری نہیں ہوں گی تو وہ لازماً لوٹ کھسوٹ کا راستہ اپنائیں گے'اِس طرح کرپشن بڑھے گی اور جرائم میں اضافہ ہوگا۔
پاکستانی عوام جو کبھی غیّور ، وفا شعار اور محنتی کہلاتی تھی 'آج ان حکمرانوں اور سیاستدانوں کے ہاتھوں کھلونا بنی ہوئی ہے۔1947عسے 1971ع تک اور 1971عسے تاحال پاکستان نازک موڑ پر ہی سفر کر رہا ہے۔امریکہ وغیرہ پاکستان اور پاکستانی حکمرانوں کو ڈالروں کے'لشکارے'دِکھا کر اپنے مفادات کے لیےاستعمال کر رہا ہے اور ان ہی کے ذریعے ہمارے غریب طبقے پر خانہ جنگی مسلّط کروا رہا ہے۔پاکستان کو افغانستان بنانے کی حتٰی الامکان کوشش کی جا رہی ہے۔دوسری طرف ہمارے سیاستدان ،حکمران اور اَربابِ اِختیار اپنے مفادات کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ایک دوسرے پر الزام تراشیاں کر رہے ہیں'کوئی لانگ مارچ کی بات کرتا ہے تو کوئی احتجاج اور دھرنوں کی۔ عوامی مسائل کو حل کرنے،با مقصد اور عملی کام کی طرف اِن کی توّجہ مستقل ناپید ہے۔ اِس کے برعکس تیسری طرف عوام بنیادی ضروریات اور دو وقت کی روٹی پورا کرنے کے چکر میں پھنسی ہوئی ہے۔اِس مثلّث(Triangle) میں صرف اور صرف عوام کا ستیاناس ہو رہا ہے۔
پاکستان میں یہ اندرونی و بیرونی سازشی عناصر جن کے عَمل اور سوچ دراصل ایک ہی ہے'ایک بار پھر پاکستان کو 1971عکے موڑ پر لا کھڑا کررہی ہیں جب کہ ہمارے حکمران خود سے کوئی قدم اُٹھانے کی بجائے غیروں کی طرف ہاتھ اور نگاہ پھیلائے بیٹھے ہیں۔اِسلامی دنیا کا واحد ایٹمی ملک ہونے کے باوجود کشکول پکڑنا ہمارے حکمرانوں کی عادت و فطرت بن چکی ہے 'لوٹ کھسوٹ ان کے خون میں رَچ بس چکی ہے۔
آج ہم سب کو سوچنا چاہیےکہ آخر کب یہ اندرونی اور بیرونی خلفشاریاں ختم ہوں گی؟اور ہم کب تک غیروں کے آگے ہاتھ پھیلاتے رہیں گے؟ علامہ اقبال نے اس روز کے لیےتو وہ خواب نہیں دیکھا تھا!

Feedback:peghaamnews@gmail.com
٭٭**٭٭

0 comments:

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *